نیلم ( کشمیرڈیجیٹل )وادی نیلم میں سیاحت کے شعبے کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کیلئےڈائریکٹر جنرل سیاحت آزاد کشمیر راجہ شاہد حسین وزیر اعظم آزاد کشمیر کے 100 روزہ اصلاحاتی پروگرام میں مجوزہ منصوبوں کا جائزہ لینے نیلم پہنچ گئے۔
ڈائریکٹر جنرل سیاحت آزاد کشمیر راجہ شاہد حسین نے لائن آف کنٹرول کیرن، تاریخی مقام تہجیاں اور کیل سیری بیلہ کا تفصیلی جائزہ لیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نیلم ویلی، پاک فوج کے اشتراک سے معرکہ حق وجشن آزادی کی تقریبات شروع
اس موقع پر مقامی سٹیک ہولڈرز اور عمائدین علاقہ سے ملاقاتیں کیں۔وزیر سیاحت عبد الرحمٰن آرائیں اور سیکرٹری سیاحت محمد انصر یعقوب کی ہدایات کی روشنی میں ڈائریکٹر جنرل سیاحت نے تاریخی گاؤں تہجیاں کا دورہ کیا اور یہاں کمیونٹی بیس ٹورازم کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیتے ہوئے تہجیاں کو اس مقصد کے لیے منتخب کرلیا۔
اس موقع پر مقامی عمائدین نے تہجیاں کی تاریخی، ثقافتی اور قدرتی اہمیت، سیاحتی استعداد اور مقامی آبادی کو سیاحتی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔
ڈائریکٹر جنرل سیاحت راجہ شاہد حسین نے کہا کہ وادی نیلم اپنی منفرد ثقافت، تاریخی ورثے اور قدرتی حسن کے باعث سیاحت کے وسیع امکانات رکھتی ہے۔
تہجیاں کو کمیونٹی بیس ٹورازم کے لیے منتخب کرنے کا مقصد مقامی آبادی کو سیاحتی سرگرمیوں میں شریک کرکے روزگار اور معاشی مواقع پیدا کرنا ہے تاکہ علاقے کے عوام سیاحت کے ثمرات سے براہ راست مستفید ہوسکیں۔
ڈائریکٹر جنرل سیاحت نے کیل سیری بیلہ کا بھی دورہ کیا اور علاقے کو ایکو ٹورازم پارک کے قیام کے لیے موزوں قرار دیا۔ ا
نہوں نے کہا کہ منصوبے کے حوالے سے مقامی افراد کے تحفظات اور دیگر معاملات کو باہمی مشاورت سے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
ایکو ٹورازم کے منصوبوں میں مقامی آبادی کی شمولیت کے ساتھ قدرتی ماحول اور ماحولیاتی توازن کا تحفظ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کے 100 روزہ اصلاحاتی پروگرام میں سیاحت کے شعبے کو خصوصی توجہ حاصل ہے جبکہ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کی ہدایات کی روشنی میں وادی نیلم کے قدرتی، ثقافتی اور تاریخی وسائل کو پائیدار سیاحت میں تبدیل کرنے کیلئے مختلف مقامات کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیاحت نیلم ملک مرتضیٰ،ٹورازم آفیسر چودھری لال نے کیرن میں محکمہ سیاحت کے عملے کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل سیاحت راجہ شاہد حسین کا استقبال کیا اور انہیں لائن آف کنٹرول کیرن، تاریخی مقام تہجیاں اور کیل سیری بیلہ ایکو ٹورازم پارک کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ د ی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں نئی لون اسکیم: بے روزگاری کے خاتمے کی امید، وادی نیلم کے عوام کی رائے
ان کا آخر میں کہنا تھا کہ وادی نیلم میں کمیونٹی بیس ٹورازم اور ایکو ٹورازم کے فروغ سے مقامی ثقافت اور قدرتی حسن کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر روزگار، کاروبار اور معاشی سرگرمیوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔




