ہلال احمر

مظفرآباد میں ہلال احمر اور ایس ڈی ایم اے کی مشترکہ ہنگامی مشقیں

 مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)ہلال احمر آزادکشمیر اور سٹیٹ ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام مشترکہ ایمرجنسی مشقوں کا انعقاد ہارا دری مظفرآباد میں کیاگیا۔ 

مشقوں کا انعقاد انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس (ICRC)کے تعاون سے کیا گیاجس کا مقصد قدرتی آفات وہنگامی حالات سے بہتر طور پر نبرد آزما ہونا، پیشہ وارانہ تیاریوں کا جائزہ لینا، اداروں کے مابین ورکنگ ریلیشن شپ اور ریسپانس میکنزم کو بہتر بنانا تھا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:موسمیاتی تبدیلیاں صدی کا سب سے بڑا چیلنج ہیں، سیکرٹری ہلال احمر

عملی مشقوں کے مظاہرے میں ہلال احمر آزادکشمیر کے فرسٹ ریسپانڈرز، رضاکاران، سٹاف کے علاوہ سٹیٹ ڈیزاسسٹر مینجمنٹ، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122کے عملہ اور اہلکاران نے بھی حصہ لیا۔

تقریب میں سیکرٹری ہلال احمر آزادکشمیر محترمہ گلزار فاطمہ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سردار ظفر، ڈائریکٹر جنرل سٹیٹ ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سعید الر حمٰن قریشی، اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل پولیس آغا مجتبی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس راجہ فیصل، ڈائریکٹر ایڈمن راجہ نعمان، ڈائریکٹر آپریشنز راجہ معظم، ڈیزاسسٹر رسک مینجمنٹ کے علاؤہ سول سوسائٹی ممبران نے بھی شرکت کی۔

شرکائے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ہلال احمر آزادکشمیر گلزار فاطمہ کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات و ہنگامی حالات کسی بھی وقت پیدا ہو سکتے  ہیں۔ ہمیں ان حالات سے نبرد آزما ہونے کیلئے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھاکہ آج کی ان تربیتی مشقوں کا مقصد اجتماعی طور پر پیشہ وارانہ تیاریوں کا جائزہ لینا، اداروں کی مابین باہمی ہم آہنگی کو فروغ دے کر ورکنگ ریلیشن شپ کو مستحکم کرنا اور ریساپنس میکنزم کو بہتر بنانا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے قوی ا‘مید ہے کہ آج کی یہ تربیتی مشقیں ہماری اجتماعی تیاری کو مزید موثر بنانے میں ایک پل کا کردار ادا کریں گی۔ا نہوں نے کہاکہ ہنگامی حالات و قدرتی آفات سے نبرد آزما ہونے کے لئے ہمیں لوگوں کی استعداد کار اورصلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہوگا۔

ڈیزاسسٹر رسک ریڈکشن، ابتدائی طبی امداد کی تربیتوں سے مقامی آبادی کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہو گا تاکہ انسانی جانوں کے ضیاع کو کم سے کم کیا جاسکے۔موسمیاتی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے گلزار فاطمہ کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر موسمیاتی تبدیلیوں سے بری طرح متاثر ہو رہا ہے ۔

ہمیں اس حوالے سے بروقت اقدامات اٹھانے ہوں گے، لوگوں کے انفرادی اور اجتماعی رویوں میں مثبت تبدیلی لانا ہو گی اور کاربن فٹ پرنٹ کو کم سے کم کرنا ہوگا۔

سیکرٹری ہلال احمر نے مشترکہ مشقوں کے انعقاد پر سٹیٹ ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی و دیگر سٹیک ہولڈر کا شکریہ ادا کیا اور کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ لوگوں کی فلاح وبہبود کیلئے مل کر کام کیا جائے گا۔

شہدائے زلزلہ کا ذکر کرتے ہوئے گلزار فاطمہ کا کہنا تھا کہ 8اکتوبر کا دن ایک تلخ یاد ہے جسے فراموش کرنا ممکن نہیں۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سٹیٹ ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سعید الر حمٰن قریشی کا کہنا تھا کہ آج کی عملی مشقیں نہ صرف ہما ری پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا جائزہ ہیں بلکہ ہنگامی حالات و آفات سے بہتر طور پر نبرد آزما ہونے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

سعید قریشی نے کامیاب مشقوں کے انعقاد پر ہلال احمر، سٹیٹ ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ودیگر ادارہ جات کو بھی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ہلال احمر کی دکھی انسانیت کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو بھی سراہا۔

قبل ازیں ہلال احمر و سٹیٹ ڈیزاسسٹر مینجمنٹ کی جانب سے عملی مشقوں کا مظاہرہ بھی کیا گیا جس میں ہنگامی حالات کے دوران لوگوں کو بروقت طبی امداد مہیا کرنے، مریضوں کو ہسپتال منتقل کرنے، ، سرچ اینڈ ریسکیو، ہنگامی انخلاء، ہنگامی صورتحال میں اداروں کے مابین رابطہ اور تعاون سے متعلق صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ضلع نیلم میں ہلال احمر کے زیر اہتمام وبائی امراض سے متعلق ورکشاپ کا کامیاب انعقاد

اس موقع پر واٹر ریسکیو اینڈ سرچ کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ سٹیٹ ڈیزاسسٹر مینجمنٹ کے واٹر ریسکیو یونٹ نے عملی مشقوں کا بہترین مظاہرہ پیش کیا۔ اس موقع پر پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان بھی موجود تھے۔