پاکستان کیلئے تاریخی اور قابل فخر لمحہ،پہلے خلاباز ذیشان علی کے سفر روانگی میں چند گھنٹے باقی

اسلام آباد( کشمیر ڈیجٹیل ) پاکستان کے لیے خلائی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل عبور کرنے کا وقت قریب آگیا۔

 ملک کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی چینی خلائی اسٹیشن تیانگونگ کے سفر کیلئے تیار ہیں، جبکہ ان کی روانگی میں چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں۔

 تاریخی موقع پر چینی سفارتخانے نے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے محمد ذیشان علی کی خلائی مشن کے لیے تیاریوں کو پاک چین دوستی کی ایک نئی مثال قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان کا پہلا خلاباز خلا میں جانے کو تیار، چین کے خلائی مشن سے نئی تاریخ رقم ہوگی

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں چینی سفارتخانے نے کہا کہ پاک چین دوستی زندہ باد، پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی چینی خلائی اسٹیشن تیانگونگ جانے کے لیے تیار ہیں۔

چینی سفارتخانے کے مطابق محمد ذیشان علی کے لیے تربیت کا سب سے بڑا چیلنج سینٹری فیوج نہیں بلکہ چینی زبان سیکھنا تھا۔

 روزمرہ گفتگو سے لے کر پیشہ ورانہ ایرو اسپیس کمانڈز تک چینی زبان سیکھنے کا سفر دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں پاکستانی خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن پر قدم رکھنے والے پہلے غیر ملکی

پیغام میں کہا گیا کہ شینژو 24 مشن کی تیاری کے دوران محمد ذیشان علی کی کہانی ثابت کرتی ہے کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری ہے۔

چینی سفارتخانے نے مزید کہا کہ پاک چین دوستی اب زمینی حدود سے نکل کر خلا کی وسعتوں تک جا پہنچی ہے، جو دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات اور مشترکہ تعاون کی ایک نئی علامت ہے۔