وادی لیپہ ، گاؤں نوکوٹ میں شدید آتشزدگی، متعدد املاک آگ کی لپیٹ میں

وادی لیپہ (کشمیر ڈیجیٹل )وادی لیپہ کے گاؤں نوکوٹ کے احمد چوک بازار میں اچانک بھڑکنے والی شدید آگ نے متعدد املاک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ انتہائی تیزی سے پھیل رہی ہے اور اس وقت تقریباً تین املاک متاثر ہوئی ہیں جبکہ متعدد مکانات اور دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد: نادرا آفس اچانک بند، مرکزی دروازے پرنوٹس آویزاں

آگ سے متاثر ہونے والی املاک میں ملا احمد جنرل اسٹور، خواجہ عارف کا گھر اور ملک الطاف کا گھر شامل ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بعض املاک کا بڑا حصہ جل کر خاک ہو چکا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی گاڑیاں جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوگئیں، جبکہ مقامی آبادی کی بڑی تعداد بھی موقع پر پہنچ گئی ہے اور اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

آگ کی شدت کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے اور مقامی افراد آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔

تاحال آتشزدگی کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی حتمی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ آگ لگنے کی وجوہات اور نقصانات کی مکمل تفصیلات ریسکیو کارروائی مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد: ناپ تول میں کمی کی شکایات،پولیس کا کریک ڈاؤن،تاجر گرفتار

وادی لیپہ کے نوکوٹ میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور مزید صورتحال سامنے آنے پر تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔