مظفرآباد: نادرا آفس اچانک بند، مرکزی دروازے پرنوٹس آویزاں

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) مظفرآباد شہر کی مجموعی صورتحال انتہائی پُرامن ہونے کے باوجود سینٹر پلیٹ میں واقع نادرا دفتر کی بندش نے شہریوں کیلئے مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ 

نادرا دفتر کے مرکزی دروازے پر ایک نوٹس آویزاں کیا گیا ہے، جس میں سکیورٹی خدشات کے باعث دفتر بند رہنے کی اطلاع دی گئی ہے۔

دفتر کی بندش کے حوالے سے آویزاں نوٹس میں سکیورٹی خدشات کا ذکر تو کیا گیا ہے تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کس نوعیت کے سکیورٹی خدشات کے باعث دفتر کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا اور دوبارہ کب کھولا جائے گا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پیٹرول 88 پیسے مہنگا، ڈیزل1 روپے 88 پیسے سستا،نوٹیفکیشن جاری

دوسری جانب مظفرآباد شہر میں معمول کی سرگرمیاں جاری ہیں اور بظاہر شہر کی صورتحال پُرامن ہے۔

ایسے میں شہریوں کی جانب سے یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ اگر شہر کی مجموعی صورتحال معمول کے مطابق ہے تو نادرا دفتر کی بندش کی اصل وجہ کیا ہے؟

نادرا دفتر مظفرآباد نہ صرف شہر بلکہ آزاد کشمیر کے مختلف دور دراز علاقوں سے آنے والے شہریوں کیلئے بھی انتہائی اہم مرکز ہے۔

شناختی کارڈ کے اجراء، تجدید، بائیومیٹرک تصدیق، فیملی رجسٹریشن اور دیگر ضروری امور کے لیے شہری بڑی تعداد میں یہاں کا رخ کرتے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:چناری: آرمی پبلک سکول کا افتتاح،طلباء کیلئے نئی تعلیمی راہیں کھل گئی

خصوصاً دور دراز علاقوں سے آنے والے شہریوں کو دفتر کی اچانک بندش کے باعث اضافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کئی شہری سفر کے اخراجات اور وقت صرف کرکے مظفرآباد پہنچتے ہیں، تاہم دفتر بند ہونے کی صورت میں انہیں بغیر کام مکمل کیے واپس لوٹنا پڑتا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر سکیورٹی وجوہات کی بنا پر دفتر بند کیا گیا ہے تو متعلقہ حکام کو عوام کو صورتحال سے آگاہ کرنا چاہیے تاکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے افراد کو غیر ضروری سفر اور پریشانی سے بچایا جا سکے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نادرا حکام دفتر کی بندش کی وجوہات، متوقع بحالی اور عوام کیلئے متبادل انتظامات کے حوالے سے واضح معلومات فراہم کریں۔