میرپور (آصف اقبال /کشمیر ڈیجیٹل )لاکھوں کشمیری تارکینِ وطن کے آبائی ضلع میرپور کی نئی تحصیل کھڑی شریف کے علاقے بنی میں صاف اور جراثیم سے پاک پینے کے پانی کی مفت فراہمی کیلئے ایک اور واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کر دیا گیا۔
گورنمنٹ مڈل سکول بنی میں قائم کیے گئے نئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب اور تکمیل مسلم ہینڈز میرپور نے حبکو لاریب انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ کے اشتراک سے کی۔واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح حبکو لاریب انرجی کے منیجر ایڈمن اینڈ سی ایس آر میجر (ر) سہیل اسلم گل نے کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سماہنی مسائلستان میں تبدیل، 3 واٹر فلٹریشن پلانٹ غیر فعال، آپریٹر گھربیٹھے تنخواہ لینے لگے
افتتاحی تقریب میں مسلم ہینڈز میرپور کے ایگزیکٹو منیجر محمد سلیمان، ہیڈ آف آپریشن جاوید الحسن، ہیڈ آف پروگرام انجم بلال نقوی، فیلڈ آفیسر واش عمر حمزہ، میڈیا کوآرڈینیٹر ظفر مغل، صدر مسجد و میلاد کمیٹی بنی طارق انجم، سماجی شخصیات راجہ واجد علی، راجہ محمد بوٹا، راجہ راشد، صدر معلم گورنمنٹ مڈل سکول بنی تجمل فدا حسین ڈار سمیت اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نئے قائم کئے گئے واٹر فلٹریشن پلانٹ سے علاقے بنی اور ملحقہ آبادیوں کے ہزاروں مکینوں کو صاف، محفوظ اور جراثیم سے پاک پانی کی مفت فراہمی کی سہولت حاصل ہوگی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حبکو لاریب انرجی کے منیجر ایڈمن اینڈ سی ایس آر میجر (ر) سہیل اسلم گل نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں ڈونرز کے تعاون سے این جی اوز کا کردار قابلِ تحسین ہے۔
ایسے منصوبے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں حکومت اور متعلقہ اداروں کی معاونت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی شمولیت اور فلاحی اداروں کے تعاون سے معاشرے میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر مسلم ہینڈز میرپور کے ایگزیکٹو منیجر محمد سلیمان نے بتایا کہ شہریوں کو صاف اور جراثیم سے پاک پینے کے پانی کی مفت فراہمی کے لیے مخیر حضرات کے تعاون سے اب تک مجموعی طور پر 97 واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم ہینڈز میرپور نے واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام کے ساتھ ساتھ جدید تقاضوں کے مطابق واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تیاری اور اسمبلنگ کا کام بھی شروع کر دیا ہے، تاکہ عوام کو معیاری اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
محمد سلیمان کا کہنا تھا کہ میرپور سمیت آزاد کشمیر بھر میں صاف پانی کی فراہمی کے علاوہ صحتِ عامہ، شجرکاری، ماحولیاتی تحفظ اور نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے مختلف منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔
خواتین کو ہنرمند اور خود روزگار بنانے کیلئے الکبریٰ سلائی سینٹرز کے ذریعے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد میں فروخت ہونیوالا منرل واٹر بیکٹیریا سے آلودہ نکلا،پلانٹ سیل، سٹاک ضبط
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم ہینڈز آئندہ بھی آزاد حکومت اور انتظامیہ کے تعاون سے عوامی فلاح کے منصوبوں میں اپنا کردار جاری رکھے گا تاکہ آزاد کشمیر میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور معیارِ زندگی میں بہتری کیلئے مؤثر پیش رفت ممکن بنائی جا سکے۔




