مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) مظفرآباد پولیس نے گڑھی دوپٹہ کے پل بازار میں ناپ تول میں مبینہ کمی کی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے دو تاجروں کو گرفتار کرلیا۔
جبکہ دونوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق گڑھی دوپٹہ کے پل بازار میں مرغ فروش دکانداروں کی جانب سے صارفین کو مقررہ وزن سے کم گوشت فراہم کرنے کی شکایات موصول ہو رہی تھیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میئر میرپور کی کوششیں رنگ لے آئیں، کونسلر عبدالرزاق اور اسٹیٹ آفیسر کے درمیان تنازع حل
شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ گڑھی دوپٹہ ضیاء عباسی نے پولیس نفری کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔
پولیس ٹیم نے کارروائی کے دوران ناپ تول میں کمی کے الزام میں محسن علی اور ضمیر نامی دو تاجروں کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی کارروائی کے بعد دونوں ملزمان کے خلاف متعلقہ قانون کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی خرید و فروخت کے دوران ناپ تول میں کمی یا صارفین کے ساتھ کسی بھی قسم کی مبینہ زیادتی قابلِ قبول نہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:محکمہ تعلیم: تقرریوں، تبادلوں پر تاحکم ثانی دوبارہ پابندی عائد
عوامی شکایات پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
پولیس نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کسی دکاندار کی جانب سے ناپ تول میں کمی، زائد قیمت وصول کرنے یا صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی کی شکایت ہو تو متعلقہ اداروں کو فوری طور پر اطلاع دی جائے تاکہ قانون کے مطابق کارروائی کی جاسکے۔
شہریوں نے ناپ تول میں مبینہ کمی کے خلاف کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بازاروں میں باقاعدگی سے چیکنگ کا نظام مؤثر بنایا جائے تاکہ صارفین کو درست وزن اور مناسب قیمت پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص کو رعایت نہیں دی جائے گی اور عوامی شکایات کی روشنی میں کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔




