اسلام آباد(کشمیر ڈیجٹیل )سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و صدر استحکام پاکستان پارٹی سردار تنویر الیاس خان نے راولاکوٹ اور ضلع پونچھ کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں خوف و ہراس، مسلح سرگرمیوں اور عوام کو بندوق کے زور پر یرغمال بنانے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔
غازی ملت پریس کلب راولا کوٹ کے سینئر صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس نے کہا کہ مسلح عناصر ہتھیار ڈال کر امن کا راستہ اختیار کریں جبکہ حکومت اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے ریاستی رٹ اور قانون کی عملداری یقینی بنائے
سابق وزیر اعظم آزد کشمیر نے کہا کہ اسلام آباد میں منعقدہ مشاورتی وامن جرگے کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور سردار حسن ابراہیم خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
موجودہ حالات میں امن جرگے کی کوششوں کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کی ضرورت ہے تاکہ کشیدگی کا خاتمہ، عوام میں تحفظ کا احساس اور معمولات زندگی کی بحالی ممکن ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس سے سردار حسن ابراہیم کی اہم ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور راولاکوٹ سمیت پورے ضلع پونچھ میں امن و امان کی بحالی کو اولین ترجیح دی جائے۔
آزاد کشمیر کی آئینی و سیاسی حیثیت کے حوالے سے سابق وزیراعظم نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر کو پاکستان کا صوبہ بنانے سے متعلق افواہوں اور قیاس آرائیوں کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں :سابق وزیراعظم سردار تنویرالیاس کا میر تقی میر کے شعر کاانتخاب ٹاپ ٹرینڈ بن گیا
پاکستان کے ساتھ نظریاتی وابستگی غیر متزلزل ہے اور نظریہ پاکستان، ملکی سلامتی و استحکام ہماری قومی وابستگی کا بنیادی حصہ ہیں۔ تاہم ریاست جموں و کشمیر کی تاریخی حیثیت اور مسئلہ کشمیر کے مسلمہ بنیادی مؤقف کا تحفظ بھی ناگزیر ہے۔
اس حوالے سے جملہ سیاسی جماعتیں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ سیاسی جماعتوں کو اپنا کام کرنے کا موقع دیا جائے تا کہ امن کی کوششوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔




