آزادکشمیر :سرکاری ہسپتالوں میں فیس سکیننگ حاضری لازمی قرار، نوٹیفکیشن جاری

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) محکمہ صحت عامہ آزاد کشمیر نے ریاست بھر کے سرکاری ہسپتالوں، ضلعی صحت دفاتر، مختلف ہیلتھ پروگرامز اور ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ کے دفاتر میں ملازمین کی حاضری کے نظام میں اہم تبدیلی، فیس سکیننگ کے ذریعے بائیومیٹرک حاضری لازمی قرار دے دی ہے۔

اس حوالے سے محکمہ صحت عامہ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن/سرکلر جاری کر دیا گیا ہے۔

جاری کردہ ہدایات کے مطابق آئندہ آزاد کشمیر کے تمام سرکاری ہسپتال یونٹس، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز (ڈی ایچ او) کے دفاتر، محکمہ صحت کے مختلف پروگرامز اور ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ آفس میں ملازمین کی حاضری چہرے کی شناخت (Face Scanning) کے جدید بائیومیٹرک نظام کے ذریعے لگائی جائے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:لانس نائیک شاہ حسین شہید کی نمازِ جنازہ ادا،کمانڈنٹ پنجگور رائفلز کا اظہار تعزیت

محکمہ صحت عامہ کے سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ فنگر پرنٹ یا انگوٹھے کے ذریعے لگائی جانے والی حاضری قابل قبول نہیں ہوگی اور ایسی حاضری کو سرکاری حاضری کا حصہ تصور نہیں کیا جائے گا۔

اس طرح ملازمین کیلئے نئے نظام کے تحت فیس ویریفکیشن کے ذریعے حاضری یقینی بنانا لازمی ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اقدام حکومت کی ہدایات کی روشنی میں موجودہ بائیومیٹرک حاضری و تصدیقی نظام میں تبدیلی کے تحت کیا جا رہا ہے۔

موجودہ Multi-Modal Biometric Verification System (MBVS) کو نادرا کے جدید بائیومیٹرک تصدیقی نظام کے ساتھ منتقل/منسلک کیا جا رہا ہے جس کے بعد ملازمین کی شناخت اور حاضری کیلئے چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔

محکمہ صحت عامہ کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ نئے نظام کے تحت ملازمین کی بائیومیٹرک تصدیق نادرا کے ساتھ رجسٹرڈ جدید نظام کے ذریعے کی جائے گی، جس کا مقصد حاضری کے نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور قابلِ تصدیق بنانا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:صدر کا سرکاری یونیورسٹیز میں وائس چانسلر لگانے کا اختیار ختم

سرکلر میں تمام متعلقہ اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئی ہدایات پر فوری اور مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں اور اپنے ماتحت عملے کو نئے فیس سکیننگ حاضری نظام کے استعمال کا پابند کریں۔

محکمہ صحت عامہ نے واضح کیا ہے کہ تمام سربراہانِ ادارہ جات نئے نظام کے تحت حاضری کے عمل کی نگرانی کریں گے اور اس سلسلے میں جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ان کی ذمہ داری ہوگی۔

نئے نظام کے نفاذ سے آزاد کشمیر کے سرکاری صحت کے اداروں میں ملازمین کی حاضری کا طریقہ کار تبدیل ہو جائے گا، جبکہ فنگر پرنٹ پر مبنی روایتی حاضری کے بجائے چہرے کی شناخت کے ذریعے حاضری کو سرکاری طور پر تسلیم کیا جائے گا۔