کلینک آن ویلز،گرین بس سروس کافی نہیں بلکہ موثرنگرانی ناگزیر ، مریم نواز

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہنرمندی کے فروغ کا شعبہ فوری نتائج دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور پنجاب میں اس حوالے سے ایک جامع ماڈل موجود ہے جس سے آزاد کشمیر بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں گزشتہ ڈھائی برس کے دوران پانچ لاکھ افراد کو آئی ٹی کی تربیت فراہم کی گئی، جن میں سے بڑی تعداد کو بیرون ملک روزگار کے مواقع ملے۔

حکومت پنجاب نے ان افراد کی مالی معاونت، سفری اخراجات اور ویزا پراسیسنگ میں بھی مدد فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بین الاقوامی جاب مارکیٹ کی ضروریات کا جائزہ لے کر اسی کے مطابق ہنرمندی کے پروگرام مرتب کیے۔

ان پروگراموں کے ذریعے کسی بھی شہری کو چھ ماہ میں ایسی مہارت سکھائی جا سکتی ہے جس کی مدد سے وہ اپنے علاقے میں رہتے ہوئے یا بیرون ملک جا کر باعزت روزگار حاصل کر سکے اور خود کفیل بن سکے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) پنجاب حکومت کی انتظامی اور ترقیاتی سرگرمیوں کی ریڑھ کی ہڈی بن چکا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دور حکومت میں پنجاب میں اس ادارے کی بنیاد رکھی تھی۔ پی آئی ٹی بی کے ذریعے منصوبوں کی نگرانی، مستفید ہونے والے افراد کے کوائف، پیش رفت اور عملدرآمد کو لمحہ بہ لمحہ ٹیکنالوجی کی مدد سے مانیٹر کیا جاتا ہے جس سے انتظامی امور آسان اور منصوبوں کی نگرانی مؤثر ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں امن و امان اور پولیس اصلاحات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ہسپتال، کلینک آن ویلز یا گرین بس سروس شروع کرنا کافی نہیں بلکہ ان تمام منصوبوں کی 24 گھنٹے نگرانی اور مؤثر انتظام بھی ضروری ہے تاکہ عوام کو حقیقی سہولت مل سکے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری صرف ترقیاتی منصوبے شروع کرنا نہیں بلکہ عوام کی دسترس میں رہنا اور ان کے مسائل کا فوری حل یقینی بنانا بھی ہے۔

آزاد کشمیر میں ایسا مؤثر نظام ہونا چاہیے جہاں عوام وزیراعظم تک اپنی شکایات اور مسائل پہنچا سکیں اور انہیں 24 گھنٹے کے اندر جواب ملے۔

چاہے معاملہ پولیس سے مدد کا ہو، راشن کی فراہمی، غربت کے باعث مالی معاونت، صحت یا کسی دوسرے مسئلے کا، شہریوں کو فوری رسائی اور ردعمل ملنا چاہیے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد سے میرپور تک موٹروے منصوبے کو ترجیح دی جائے، نوازشریف

انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھنا، انہیں حکومتی اقدامات اور مستقبل کے وژن سے آگاہ کرنا اور ان کے مسائل سننا ضروری ہے۔

وزیراعظم کو عوام کیلئے قابلِ رسائی اور نمایاں طور پر موجود رہنا چاہیے، جبکہ وزراء کو واضح اہداف اور مدت مقرر کر کے ذمہ داریاں دی جائیں اور ان کی کارکردگی کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے۔

مریم نواز شریف نے امید ظاہر کی کہ آزاد کشمیر کی حکومت مختصر مدت میں عوام کو وہ بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں کامیاب ہوگی جن سے وہ شاید کئی دہائیوں سے محروم رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب لوگوں کو یہ احساس ہوگا کہ حکومت ان کی ضروریات کا خیال رکھتی ہے اور ان کے مسائل حل کرنے کے لیے موجود ہے تو عوام کے اندر ایک مثبت تبدیلی اور اعتماد پیدا ہوگا۔

انہوں نے آزاد کشمیر حکومت کی کامیابی اور عوام کی مخلصانہ خدمت کی توفیق کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اس مقصد کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر کی قیادت کو عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں پنجاب کے تجربات اور وسائل سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔