میرپور (کشمیر ڈیجٹیل) میرپور شہر میں غیر قانونی تعمیرات کرنے والوں کے لیے مشکلات بڑھنے کا امکان ہے، انتظامیہ نے سخت اقدامات کا فیصلہ کر لیا ہے۔
غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات والی جگہوں کو بجلی، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جائیں گی، جبکہ کمرشل عمارتوں کے نقشوں کی منظوری کیلئے بھی نیا طریقہ کار وضع ۔
کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان کی زیر صدارت ، ڈپٹی کمشنر میرپور سید عمران عباس نقوی سمیت مختلف سرکاری محکموں اور ترقیاتی اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ MDA، MDHA اور دیگر متعلقہ ادارے کسی بھی غیر قانونی تعمیر یا تجاوزات والی جگہ کو پانی، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم نہ کریں۔
کمشنر نے محکمہ برقیات اور متعلقہ ترقیاتی اداروں کو باہمی رابطے کے ذریعے اس فیصلے پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں تاجروں کو دی گئی مہلت ختم ،باغ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن
اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ کے 2019ء کے فیصلے کے بعد تجاوزات ختم کرکے واگزار کرائی گئی اراضی کے تحفظ کے لیے بھی اہم اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔
حدبندی کے لیے نصب بجلی کے پولز پر موجود تاریں منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ سرکاری اراضی پر دوبارہ قبضے اور تجاوزات کے امکانات ختم کیے جا سکیں۔
شہر میں پارکنگ کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے پارکنگ کا نظام بہتر بنانے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے اقدامات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
تعمیراتی سرگرمیوں کو قواعد و ضوابط کے تابع رکھنے کے لیے MDA، MCM، MDHA اور دیگر متعلقہ اداروں کو نئی عمارتوں کے نقشہ جات بروقت ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرنے کی ہدایت کی گئی، تاکہ تعمیرات کی ابتدا ہی سے جانچ پڑتال اور نگرانی کا مؤثر نظام قائم کیا جا سکے۔
کمرشل عمارتوں کے نقشہ جات کی منظوری کے عمل کو تیز کرنے کے لیے فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ محکموں کے نمائندگان ہر ماہ کم از کم دو دن اجلاس منعقد کریں گے۔
نقشہ جات کی جانچ پڑتال اور منظوری سے متعلق معاملات باہمی مشاورت سے نمٹائیں گے، کمشنر نے واضح کیا کہ ٹاؤن پلانر شیٹ کے بغیر کسی بھی نقشے کی منظوری نہ دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں میرپور میں خواتین کو بلیک میل کرنے والا گروہ بے نقاب، تہلکہ خیز انکشافات
اجلاس میں MDA اور MDHA کو ہدایت کی گئی کہ ایسے سیکٹرز میں تعمیرات کی اجازت نہ دی جائے جہاں بنیادی شہری سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔
پہلے متعلقہ سیکٹرز میں ترقیاتی کام مکمل کرکے پانی، بجلی اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں، اس کے بعد تعمیرات کی اجازت دی جائے۔
شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے سڑکوں کے کناروں کی تعمیر، حفاظتی انتظامات، اسٹریٹ لائٹس اور ٹریفک سگنلز کو فعال بنانے کے لیے بھی فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں جیڑی پاور ہاؤس کے حوالے سے واپڈا کے ساتھ معاہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد آئندہ معاملات معاون اداروں کے ساتھ مشاورت سے آگے بڑھانے کی ہدایت بھی کی گئی۔
کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان نے کہا کہ عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنا اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے، عوام کے ٹیکسوں کا ضیاع کسی صورت قابل قبول نہیں۔
تمام محکمے عوامی خدمت کو اپنا مشن بنائیں، شہری مسائل کے حل،تعمیراتی ضابطوں پر عمل درآمد اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔




