آبنائے ہرمز کھولنے کی7 شرائط پر امریکی جواب ایران کو موصول

ایران نے کہا ہے کہ اسے جنگ بندی بحال کرنے اور آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے سے متعلق اپنی تازہ تجویز پر امریکا کا جواب موصول ہوگیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کابینہ کو امریکی جواب سے آگاہ کردیا تاہم اس کی تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی ، ایرانی عوام پرامن طور پر ایک ساتھ رہ سکتے ہیں، پاسدارانِ انقلاب کا امریکی عوام کوخط

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرزکے مطابق ایران نے کہا ہے کہ اسے امریکا کی جانب سے جنگ بندی بحال کرنے اور آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے سے متعلق اپنی تازہ تجویز کا جواب موصول ہوگیا ہے۔

ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی کے مطابق وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کابینہ کو امریکی جواب موصول ہونے سے آگاہ کردیا ہے۔ انہوں نے امریکی جواب کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

رائٹرزکے مطابق یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران نے گزشتہ ہفتے امریکا کے ساتھ جنگ بندی بحال کرنے کے لیے ایک تجویز پیش کی تھی جس کے تحت واشنگٹن ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکا بندی ختم کرے گا اور تہران سات روز کے اندر آبنائے ہرمز دوبارہ کھولے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو کہا تھا کہ انہوں نے ایران کی تازہ تجویز مسترد کردی ہے، تاہم ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اس وقت کہا تھا کہ تہران کو امریکا کی جانب سے کوئی باضابطہ مستردی موصول نہیں ہوئی۔

رائٹرزکے مطابق اب ایرانی حکومت نے تصدیق کردی ہے کہ واشنگٹن کا جواب تہران کو پہنچ چکا ہے۔

گزشتہ ہفتے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر قطر نے امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ رابطوں میں ثالثی کی تھی۔

یہ جنگ بندی ختم ہونے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلی قربت پر مبنی بات چیت تھی۔

یہ بھی پڑھیں:آبنائے ہرمز سے امریکی جاسوس آبدوز پکڑ لی،ایرانی فورسزکا دعویٰ

مذاکرات سے باخبر ایک عہدیدار نے رائٹرزکو بتایا کہ قطری حکام نے منگل کو دوحہ میں قیام کے دوران عباس عراقچی کو امریکی جواب سے آگاہ کیا۔

عہدیدار کے مطابق فریقین اس بات پر بڑی حد تک متفق ہیں کہ جنگ بندی اور تنازع کے خاتمے کے لیے کون سے اقدامات ضروری ہیں، تاہم ان اقدامات پر عمل درآمد کی ترتیب پر اختلاف برقرار ہے۔