ویسٹ انڈین بلے بازوں نے بھارت میں ہی بھارتی بولرز کو دھو ڈالا،بھارت کے شہر گوہاٹی میں کھیلے جارہے 3 میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کی بدولت 405 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا ۔
بھارت کے خلاف دوسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کے بیٹر عامر جنگو نے شاندار سنچری اسکور کرنے کے بعد میدان میں سجدہ کیا جب کہ ویسٹ انڈیز کے 3 بیٹرز نے اننگز میں سنچریاں بنا کر تاریخ رقم کردی۔
یہ بھی پڑھیں:ورلڈ کپ 2027: پاکستان اور بھارت کو ایک بار پھر ایک ہی گروپ میں رکھنے کا امکان
ویسٹ انڈیز کے بلے باز عامر جنگو نے 70 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی، سنچری مکمل کرنے کے بعد انہوں نے بلے کو بلند کیا اور میدان میں سجدہ کرکے خوشی کا اظہار کیا۔
عامر جنگو نے اپنی اننگز میں مجموعی طور پر 114 رنز بنائے، جس میں 13 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ انہیں رویندرا جڈیجا نے 43ویں اوور میں آؤٹ کیا جب کہ روتوراج گائیکواڑ نے بیک ورڈ پوائنٹ پر ان کا کیچ پکڑا۔
عامر جنگو کی 70 گیندوں پر سنچری بھارت کے خلاف ویسٹ انڈیز کے کسی بیٹر کی دوسری تیز ترین ون ڈے سنچری ہے۔ اس سے قبل اسی اننگز میں جان کیمبل نے 65 گیندوں پر سنچری بنا کر ریکارڈ قائم کیا۔
ایک اننگز میں ؤ 3 سنچریاں
جان کیمبل اور عامر جنگو کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ نے بھی سنچری اسکور کی، یوں ویسٹ انڈیز کی ون ڈے تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ہی اننگز میں 3 بیٹرز نے سنچریاں اسکور کیں۔
مردوں کی ون ڈے کرکٹ میں یہ صرف چھٹا موقع ہے جب کسی ٹیم کے 3 بیٹرز نے ایک ہی اننگز میں سنچریاں بنائی ہوں جب کہ بھارت کے خلاف ایسا دوسری مرتبہ ہوا ہے۔
اس سے قبل جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ، رئیلی روسو اور اے بی ڈی ویلیئرز نے 2015 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف جب کہ اسی سال کوئنٹن ڈی کوک، فاف ڈوپلیسی اور اے بی ڈی ویلیئرز نے بھارت کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:رضوان کا این سی سی آئی اے کو ایک اور خط، موبائل فون واپس مانگ لیا
2022 میں انگلینڈ کے فل سالٹ، ڈیوڈ ملان اور جوز بٹلر، 2023 میں جنوبی افریقا کے ڈی کوک، رسی وین ڈر ڈسن اور مارکرم جب کہ 2025 میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ، مچل مارش اور کیمرون گرین نے بھی ایک ہی ون ڈے اننگز میں سنچریاں اسکور کی تھیں۔
ویسٹ انڈیز کے 3 بیٹرز کی سنچریوں نے بھارت کے خلاف ٹیم کے سب سے بڑے ون ڈے اسکور کا ریکارڈ بہتر بناتے ہوئے 405 رنز بنائے، اس سے قبل بھارت کے خلاف ویسٹ انڈیز کا سابقہ سب سے بڑا ون ڈے مجموعہ 333 رنز تھا، جو 1983 میں بنایا گیا تھا۔
عامر جنگو کا سجدہ
عامر جنگو نے 41ویں اوور میں گورنور برار کی گیند پر مڈ وکٹ کی جانب شاٹ کھیل کر سنچری مکمل کی۔ 59 گیندوں پر 54 رنز سے 70 گیندوں پر 100 رنز تک پہنچنے والے عامر جنگو نے سنچری کے بعد ہوا میں مکا لہرایا، ساتھی کھلاڑیوں اور تماشائیوں کا شکریہ ادا کیا اور پھر میدان میں سجدہ کیا۔
ویسٹ انڈیز کے ڈریسنگ روم میں موجود ساتھی کھلاڑیوں نے بھی عامر جنگو کی اس خوشی میں تالیاں بجا کر انہیں داد دی۔




