پاک فوج کا فری میڈیکل کیمپ، عوام کا زبردست خیر مقدم

جہلم ویلی (سید صغیر کاظمی، کشمیر ڈیجیٹل) پاک فوج نے عوامی خدمت اور فلاح و بہبود کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے جہلم ویلی کی یونین کونسل گوجر بانڈی میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا، جہاں علاقے کے عوام کو مفت طبی معائنے، آنکھوں کے خصوصی چیک اپ اور ادویات کی فراہمی کی سہولت فراہم کی گئی۔

 دور دراز علاقے میں طبی سہولیات کی فراہمی پر مقامی آبادی نے پاک فوج کی میڈیکل ٹیم کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے مستحق مریضوں کے لیے بڑی سہولت قرار دیا۔

تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ بوائز ہائی سکول خورشید حسن خورشید میں منعقدہ فری میڈیکل کیمپ میں پاک فوج کے ڈاکٹروں اور طبی عملے نے خدمات سرانجام دیں۔

کیمپ میں آنے والے تمام مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا، جبکہ آنکھوں کے امراض میں مبتلا افراد کا خصوصی طور پر چیک اپ کیا گیا۔ اس موقع پر مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔

پاک فوج کی میڈیکل ٹیم نے کیمپ کے تمام انتظامات اور طبی سرگرمیوں کی ذمہ داریاں خود سنبھالیں۔ ڈاکٹروں نے ہر مریض کا انفرادی طور پر معائنہ کیا اور ان کی طبی ضروریات کے مطابق رہنمائی فراہم کی۔

 کیمپ میں مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور دستیاب طبی سہولیات سے استفادہ کیا۔

اہل علاقہ نے پاک فوج کی میڈیکل ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دور افتادہ علاقوں میں مفت طبی کیمپوں کا انعقاد قابل تحسین انسانی خدمت ہے۔

عوام کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے ان لوگوں کو خصوصی ریلیف ملتا ہے جو مالی مشکلات یا فاصلے کی وجہ سے بڑے ہسپتالوں تک رسائی حاصل نہیں کر پاتے۔

مقامی افراد نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے فلاحی میڈیکل کیمپس کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ علاقے کے غریب اور مستحق مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات میسر آتی رہیں۔