عوام کوطبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے ہفتہ وار کلینیکل روٹیشن پروگرام جاری

جہلم ویلی ( کشمیر ڈیجٹیل )آزاد کشمیر حکومت کا صحت کے شعبے میں اہم اقدام، ماہر ڈاکٹرز کی ضلعی ہسپتالوں میں ہفتہ وار ڈیوٹیاں۔

جہلم ویلی میں عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے آزاد حکومت کا ہفتہ وار کلینیکل روٹیشن پروگرام جاری ہے۔

مظفرآباد کے میڈیکل کالج کے سینئر اور ماہر ڈاکٹرز ضلعی ہسپتالوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں ۔

وزیراعظم اور وزیر صحت کے وژن کے مطابق میرواعظ میڈیکل کالج  کے ماہر ڈاکٹرز نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں کلینیکل ڈیوٹی سرانجام دی۔

یہ بھی پڑھیں :سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات ،گلگت بلتستان میں نگرانی کا عمل تیز

  پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ صابر، سرجیکل اسپیشلسٹ، اور پروفیسر ڈاکٹر سہیل خان راجہ، ماہر امراض پھیپھڑا و سانس نے ہسپتال آنے والے مریضوں کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔

ماہرین نے مختلف وارڈز میں داخل مریضوں کی صحت کا جائزہ لیا اور انہیں ضروری طبی مشوروں کے ساتھ علاج معالجے کی سہولیات بھی فراہم کیں۔

کلینیکل روٹیشن پروگرام کا مقصد تجربہ کار اور مستند ڈاکٹرز کی خدمات ضلعی ہسپتالوں تک پہنچانا ہے تاکہ مریضوں کومظفرآباد یا دیگر بڑے شہروں کا سفر نہ کرنا پڑے۔

یہ بھی پڑھیں :’’صاف ستھرا کشمیر، صاف ستھرا پٹہکہ‘‘ مہم کے تحت صفائی مہم کاآغاز

 پروگرام سے بالخصوص دور دراز علاقوں کے ان شہریوں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے جنہیں ماہر ڈاکٹروں تک رسائی کے لیے طویل سفر اور اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ہفتہ وار کلینیکل روٹیشن کا تسلسل ضلعی ہسپتالوں میں طبی خدمات کی بہتری اور ماہرین صحت کی دستیابی بڑھانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

 اقدام کے ذریعے عوام کو ان کے اپنے علاقوں میں معیاری علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے حکومتی منصوبے کو عملی شکل دی جا رہی ہے۔