تاجروں کو دی گئی مہلت ختم ،باغ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن

آزاد کشمیر کے شہر باغ کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن نے مشترکہ گرینڈ آپریشن کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔ شہر میں عوامی راستوں کی بحالی، ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کو درپیش مشکلات ختم کرنے کے لیے کارروائی ایک ماہ تک جاری رہے گی۔

آپریشن اسسٹنٹ کمشنر باغ اور سٹی آفیسر میونسپل کارپوریشن کی نگرانی میں مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں سڑکوں، بازاروں اور فٹ پاتھوں پر قائم غیر قانونی تھڑوں، شیڈز اور ریڑھیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں مستقل تجاوزات اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیر کی گئی عمارتوں کو آپریشن میں شامل کیا جائے گا۔

اسسٹنٹ کمشنر باغ سبیل منہاس، اسٹیٹ آفیسر سرفراز بیگ اور ڈی ایس پی سردار شفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے عملی اقدامات شروع کردیے گئے ہیں۔ یہ کارروائی کسی ایک دن یا چند مخصوص مقامات تک محدود نہیں ہوگی بلکہ پورے ایک ماہ تک مرحلہ وار جاری رہے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں عارضی تجاوزات ختم کی جائیں گی۔ اس دوران دکانوں کے باہر قائم تھڑے، غیر قانونی شیڈز اور بازاروں میں راستوں کی بندش کا سبب بننے والی ریڑھیوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ دوسرے مرحلے میں مستقل تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔

تاجروں کو پہلے ہی مہلت دی گئی تھی

انتظامیہ کے مطابق شہریوں اور تاجروں کو اپنی تجاوزات رضاکارانہ طور پر ختم کرنے کے لیے پہلے ہی مناسب وقت دیا گیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر آفس نے 17 نومبر سے گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

عوام کو پیشگی آگاہ کرنے کے لیے تین روز تک لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلانات کیے گئے۔ اخبارات، سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ سے بھی تاجروں اور شہریوں کو مطلع کیا گیا کہ وہ دکانوں کے باہر قائم غیر قانونی تھڑے، شیڈز اور دیگر تجاوزات خود ختم کردیں۔

ٹریفک کی روانی متاثر، شہری پریشان

اسسٹنٹ کمشنر باغ سبیل منہاس کا کہنا تھا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی تجاوزات کے باعث شہریوں، بالخصوص پیدل چلنے والوں اور گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

بازاروں میں غیر قانونی قبضوں سے سڑکیں اور گزرگاہیں سکڑ جاتی ہیں۔ اس صورتحال کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے جبکہ تجارتی مراکز میں رش اور بدنظمی بھی بڑھ جاتی ہے۔

انتظامیہ کا مقصد شہر کے تمام بازاروں، اہم شاہراہوں اور تجارتی مراکز کو تجاوزات سے پاک کرکے شہریوں کو صاف ستھرا اور بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔

عوامی راستوں پر قبضہ برداشت نہیں ہوگا

انتظامیہ نے تاجروں، دکانداروں، ریڑھی بانوں اور دیگر کاروباری افراد سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری حدود، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ کی جائے۔

حکام کا کہنا تھا کہ عوامی راستوں پر قبضہ کسی صورت قابل قبول نہیں اور آپریشن کے دوران قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن نے واضح کیا ہے کہ اس مہم کا مقصد کسی کا کاروبار متاثر کرنا نہیں بلکہ شہری نظم و ضبط قائم کرنا، عوامی راستے بحال کرنا اور ٹریفک کے مسائل حل کرنا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ایک ماہ تک جاری رہنے والے اس آپریشن میں سرکاری اراضی اور عوامی گزرگاہوں پر غیر قانونی قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔