این اے 168 بہاولپور ضمنی انتخاب ،ن لیگ کے ملک منیر چنڑ کامیاب

بہاولپور: حلقہ این اے 168 بہاولپور کے ضمنی الیکشن کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے، جن کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ نے میدان اپنے نام کرلیا ہے۔

غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ نے 79 ہزار 306 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار چوہدری ولی داد چیمہ 42 ہزار 623 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

نتائج کے مطابق ملک منیر اقبال چنڑ نے اپنے حریف امیدوار پر 36 ہزار 683 ووٹوں کی برتری حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری اقدار پر یقین رکھتی ہے،انتخابات پر شدید تحفظات ہیں، چوہدری محمد یاسین

تمام پولنگ اسٹیشنز کے نتائج سامنے آنے کے بعد حلقے میں ووٹوں کی گنتی اور نتائج مرتب کرنے کا مرحلہ مکمل کرلیا گیا، تاہم یہ نتائج غیر حتمی اور غیر سرکاری ہیں۔

این اے 168 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا تھا جو شام 5 بجے تک جاری رہا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کے لیے حلقے میں مجموعی طور پر 292 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے، جہاں ووٹرز نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔

حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 83 ہزار سے زائد تھی۔ پولنگ کے موقع پر سکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے تھے تاکہ ووٹنگ کا عمل پرامن انداز میں مکمل ہوسکے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہی۔

واضح رہے کہ این اے 168 کی نشست مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

ملک محمد اقبال چنڑ کا انتقال اگست 2026 میں ہوا، جس کے بعد اس نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کیا گیا۔

ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے بعد مسلم لیگ ن نے ان کے صاحبزادے ملک منیر اقبال چنڑ کو این اے 168 کے ضمنی الیکشن میں اپنا امیدوار نامزد کیا۔

یہ بھی پڑھیں:ممتاز بزنس مین چوہدری کاشف نذیر بجاڑ میرپور چیمبر کے صدر منتخب

یوں ضمنی انتخاب میں ان کے صاحبزادے نے اپنے والد کی خالی ہونے والی نشست پر پارٹی کی نمائندگی کی۔دوسری جانب سابق وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کے بیٹے ولی داد چیمہ نے بطور آزاد امیدوار انتخاب میں حصہ لیا۔

عام انتخابات میں اس حلقہ سے طارق بشیر چیمہ نے انتخابات میں حصہ لیا تھا لیکن کامیاب نہیں ہوسکے تھے۔