مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر اور رہنما چوہدری محمد یاسین نے اپنے خطاب کے دوران کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت پر مکمل یقین رکھتی ہے، اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کہا کرتی تھیں کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔
چوہدری محمد یاسین نے دوٹوک مؤقف اپنایا کہ پیپلز پارٹی موجودہ انتخابی عمل کو کسی بھی صورت میں منصفانہ (فیئر) نہیں مانتی اور ہمارے ان تمام انتخابی عمل پر شدید تحفظات موجود ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بانی پاکستان پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو نے اس ملک کو پارلیمانی نظام عطا کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ایوان کی بنیادوں کو مضبوط کرنا اور عوامی فلاح پہلی ترجیح ہے: وزیراعظم آزاد کشمیر
چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ تمام تر سیاسی تحفظات اور اختلافات کے باوجود وہ نومنتخب صدر کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ کے پہلے اجلاس میں موجودہ حکومت کی طرف سے ہمارے دور کے ایجوکیشن پیکج اور دیگر فلاحی منصوبوں پر نظرثانی کی باتیں سامنے آئی ہیں، جبکہ اصولاً حکومتیں حکومتوں کا تسلسل ہوتی ہیں۔ اگر صحت اور تعلیم کے پیکج کے ساتھ کسی قسم کی چھیڑ چھاڑکی گئی تو ہم سڑکوں پر نکل کر بھرپور احتجاج کریں گے۔




