میرپور (کشمیر ڈیجیٹل)میرپور کی کاروباری برادری نے ممتاز بزنس مین چوہدری کاشف نذیر بجاڑ کو میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا صدر منتخب کر لیا۔
چوہدری کاشف نذیر کے صدر منتخب ہونے پر کاروباری، تجارتی اور صنعتی حلقوں کی جانب سے انہیں مبارکبادیں اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ ان کے صدر منتخب ہونے کو میرپور کی کاروباری برادری کیلئے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم افتخارگیلانی کے دورہ بھمبر کے پیش نظر سکیورٹی اور انتظامی امور پر اہم اجلاس
ان کے انتخاب سے تاجر اور صنعتکار حلقوں کو اُمید ہے کہ چیمبر کاروباری برادری کو درپیش مسائل کو مؤثر انداز میں متعلقہ حکام اور اداروں کے سامنے اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے حل کیلئے عملی اقدامات کو مزید آگے بڑھائے گا۔
صدر منتخب ہونے کے بعد چوہدری کاشف نذیر بجاڑ نے کہا کہ وہ کاروباری برادری کے اعتماد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس اعتماد پر پورا اترنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرپور میں تجارت اور صنعت کے فروغ، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے حوالے سے چیمبر اپنا کردار مزید مؤثر بنائے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تاجروں اور صنعت کاروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ رکھا جائے گا۔
کاروباری طبقے کے جائز مطالبات کو ہر مناسب فورم پر اجاگر کیا جائے گا اور ان کے حل کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ممبر آزاد کشمیر اسمبلی پیر مظہر سعیدشاہ متاثرین کی دادرسی کیلئے بالائی نیلم پہنچ گئے
چوہدری کاشف نذیر بجاڑ نے مزید کہا کہ میرپور کی معاشی ترقی میں کاروباری برادری کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔




