ایکشن کیمٹی

ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں کا حملہ، ایک رینجرز اہلکار شہید،3اہلکار زخمی

آزاد کشمیر میں انتخابات کے کامیاب انعقاد کے بعد کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے تشدد کا راستہ اختیار کر لیا، سکیورٹی فورسز کے حملہ میں ایک رینجرز اہلکار شہید،3پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق رات دس بجے راولاکوٹ پولیس بیان کے مطابق کالعدم تنظیم نے راولاکوٹ کی طرف لو مارچ کرنے کی کوشش کی ،روکے جانے پر فائرنگ کر کے دو پولیس اہلکاروں کو زخمی کر دیا۔

اب تازہ صورت حال کے مطابق راولاکوٹ کی مضافات میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے سیکورٹی پوسٹ پر حملہ کر دیا ،قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے میں رینجرز کے سپاہی علی رضا نے جامِ شہادت نوش کیا۔

کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے پرتشدد مظاہرین کے حملوں میں پولیس کے تین اہلکار زخمی ہوگئے۔فسادی عناصر نے رینجرز اور پولیس کی ایک، ایک گاڑی کو نذرِ آتش کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: راولاکوٹ، کالعدم ایکشن کمیٹی کے غنڈوں کی فائرنگ، 2اہلکار زخمی

سکیورٹی ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شدید اشتعال انگیزی کے باوجود انتہائی تحمل اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

کامیاب انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کے لیے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے تشدد، آتش زنی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں کا سہارا لیا۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری اہلکاروں، سرکاری املاک اور سیکیورٹی فورسز پر حملے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے پرتشدد عزائم کو بے نقاب کرتے ہیں۔

ریاست کی عملداری ہر قیمت پر برقرار رکھی جائے گی، تشدد، آتش زنی اور حملوں میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور جمہوری عمل کے دفاع کے لیے سیکیورٹی فورسز پُرعزم ہیں۔

عوام سے اپیل ہے کہ افواہوں اور گمراہ کن پروپیگنڈے سے گریز کریں اور صرف مصدقہ معلومات پر اعتماد کریں