آزادکشمیراسمبلی اجلاس، پاک فوج، فیلڈ مارشل عاصم منیر کے حق میں قراردادیں منظور

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانو ن ساز اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں سابق وزیرا عظم و ممبر اسمبلی فیصل ممتاز راٹھور،اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یاسین،چوہدری محمد اسماعیل،بازل علی نقوی،سحرش قمر،چوہدری محمد رخسار، فرزانہ یعقوب کی جانب سے قراردادیں متفقہ طور منظور کرلی گئیں۔

سابق وزیرا عظم و ممبر اسمبلی فیصل ممتاز راٹھور کی جانب سے پیش کر دہ قرارداد میں کہا گیا کہ قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر کا یہ اجلاس مقبوضہ کشمیر میں جاری آٹھ لاکھ بھارتی افواج کے بدترین مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، کالے قوانین کے نفاذ، گھر گھر تلاشیوں اور شہری آزادیوں پر قدغن، لاک ڈاؤن، کرفیو کے نفاذکی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کی خونریزی، عزت و ناموس پر حملے، جائیدادوں کی تباہی، حریت کانفرنس کے مردو خواتین رہنماؤں کی گرفتاریوں، بوگس مقدمات اور بڑھتی ہوئی ناانصافیاں کو رکوانے کیلئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتا ہے۔

یہ معزز ایوان پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین سابق وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی عالمی سطح پر اپنے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو اور والدہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی طرح پاکستان کے وقار، قومی مفادات اور مسئلہ کشمیر پر کامیاب سفارتکاری اور ترجمانی کرنے پر شاندار الفاظ میں ان کی خدمات کو سراہتا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:باغ :سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے بعد مکمل امن قائم، قانون کی رٹ بحال،شاہراہیں کھل گئیں

یہ معزز ایوان حکومت پاکستان کی بہترین حکمت عملی اور فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی قیادت میں ایران اسرائیل  امن معاہدہ اور پاکستان ترکیہ اور سعودی عربیہ کے درمیان مکہ دفاعی معاہدہ کو عالمی امن کیلئے بہت بڑا بریک تھرو قرار دیتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز، قومی سلامتی کے اداروں کی کامیابی پر صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کو مبارکباد پیش کرتا ہے اور ناقابل دفاع، مضبوط وفاق، دہشت گردی، انتہا پسندی، عدم برداشت اور فرقہ واریت کے خلاف اقدامات پر اپنے غیر مشروط تعاون کا یقین دلاتا ہے۔

یہ معزز ایوان پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتا ہے اور دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائیوں میں جام شہادت نوش کرنے والے افواج پاکستان کے آفیسران، جوانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور نہتے عوام کے درجات کی بلندی کیلئے دعا گو ہے۔

یہ اجلاس چیف آف ڈیفنس فورسز حافظ سید عاصم منیر کی صدارت میں ہونے والی کور کمانڈر کانفرنس میں اقوام متحدہ کے چارٹر اور سیکورٹی کونسل کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دلوانے اور پرامن جدوجہد آزادی کی سیاسی اخلاقی، سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

یہ اجلاس پاکستان کے چاروں صوبوں اور ریاست جموں و کشمیر سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ بھرپور طور پر منانے پر پاکستان و کشمیر ی سیاسی، عسکری قیادت اور عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

اپوزیشن لیڈر و ممبر اسمبلی چوہدری محمد یاسین کی جانب سے پیش کر دہ قرارداد میں کہا گیا کہ مملکت خداداد پاکستان اس وقت امت مسلمہ کے لیے عطیہ خداوندی ثابت ہو رہا ہے۔

امریکہ ایران جنگ رکوانے مکہ معاہدہ کے ذریعے حرمین شریفین کی حفاظت اور سعودیہ کا دفاع معاہدہ بدر اور دنیا میں مملکت خداداد پاکستان کی 90 ڈگری کے زاویہ سے اٹھان دشمنان اسلام اور دشمنان پاکستان سے ہضم نہیں ہو رہی

چیف آف ڈیفنس فورسز  فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکی کاوشوں سے امت مسلمہ وسیع اتحاد کی جانب بڑھ رہی ہے۔

جو قائد عوام ذولفقار علی بھٹو(شہید)کے بعد ایک ایسی شخصیت ہیں،جو کئی دہائیوں کے بعد اس کام کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ جس کیلئے یہ ایوان انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

یہ ایوان سمجھتا ہے کہ بھارت اور اسرائیل نے افغانستان کے راستے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندو ستان کے ذ ریعے دہشتگردی شروع کر رکھی ہے، جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

افواج پاکستان کیخلاف دشمن کا بیانیہ ناکام ہوچکا ہے کیونکہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔

ہمارے آفیسرز و جوان ہمارے کل کیلئے اپنا آج قربان کر رہے ہیں۔ہم اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں۔

یہ ایوان برملا سمجھتا ہے کہ پوری قوم،دفاع وطن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

ممبر اسمبلی چوہدری محمد اسماعیل کی جانب سے پیش کر دہ قرارداد میں خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات، امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کااظہار کیا گیا۔

قومی سلامتی کو در پیش چیلنجز کے پیش نظر وفاقی حکومت کی جانب سے گورنر راج اور ہنگامی اقدامات کے فیصلے کو ملک کے وسیع تر مفاد،عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ریاست کی رٹ برقرار رکھنے کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔

یہ ایوان وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کو بھر پور خراج تحسین پیش کرتا ہے کہ انہوں نے ملک کو در پیش سنگین سیکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں قومی سلامتی اور ملکی مفاد کو سیاسی مصلحتوں اور ممکنہ سیاسی نقصان پر ترجیح دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

ان کا یہ طرز عمل اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ریاست کے تحفظ، عوام کی سلامتی اور ملک کے استحکام کے لیے ضروری اقدامات محض سیاسی نقصان کے خدشے کے باعث گریز نہیں کیا جانا چاہیے۔

یہ ایوان اس امر پر وزیر اعظم پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے کہ خیبر پختو نخوا میں دہشت گردی کی صورتحال کا جائزہ متعلقہ سرکاری اعداد و شمار،سیکیورٹی اداروں کی رپورٹس اور زمینی حقائق کی بنیاد پر لیا گیا ہے۔

اگر حالات آئینی و قانونی تقاضوں کے مطابق غیر معمولی اقدامات کے متقاضی ہوں تو عوام کے تحفظ اور امن کی بحالی کے لیے بر وقت اور مؤثر فیصلے ہونے چاہئیں۔

یہ ایوان سمجھتا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف موثر کارروائی، ریاستی عمل داری کا قیام، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور قانون کی حکمرانی کسی سیاسی جماعت یا حکومت کا نہیں بلکہ پوری ریاست اور قوم کا مشتر کہ مقصد ہے۔