آزاد کشمیر کے عوام ترقی، خوشحالی و جمہوری استحکام کیلئے تیر کے نشان پر مہر لگائیں،شازیہ مری

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کو اپنا ضامن سمجھتے ہیں کیونکہ پارٹی نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کشمیری عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں جبکہ مسئلہ کشمیر پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور اور سیاست کا بنیادی حصہ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پیپلزپارٹی کو جھٹکا، اثاثے چھپانے پر گلگت بلتستان اسمبلی کے رکن فدا محمد نشاد نااہل قرار

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر تاریخی اور جرات مندانہ موقف اختیار کیا جبکہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے بھی عالمی سطح پر کشمیری عوام کے حق میں مؤثر انداز میں آواز بلند کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی کشمیر کاز سے وابستگی آج بھی پارٹی کی سیاسی سمت کا تعین کرتی ہے۔

شازیہ مری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نوجوان قیادت کے ساتھ کشمیری عوام کی امید بن کر ابھرے ہیں جبکہ گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی شاندار کامیابی عوام کے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے آزاد کشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ترقی، خوشحالی اور جمہوری استحکام کے لیے تیر کے نشان پر مہر لگائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کا نیا دور شروع کرے گی۔

مرکزی ترجمان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست عوامی خدمت، جمہوریت اور وفاق کی مضبوطی پر مبنی ہے جبکہ کشمیری عوام کا ووٹ پارٹی کے روشن مستقبل کی ضمانت بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جس کی کشمیر کے لیے جدوجہد تاریخ کا روشن باب ہے اور آزاد کشمیر کے عوام تیر کے نشان پر مہر لگا کر ترقی، روزگار اور خوشحالی کا انتخاب کریں۔

شازیہ مری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی سے آزاد کشمیر میں عوامی فلاح، بہتر طرزِ حکمرانی اور ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:ن لیگ نے پیپلزپارٹی کو بڑا جھٹکا دیدیا، راجہ نوید گوگا سمیت اہم شخصیات شامل

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر دور میں کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی ان کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ آزاد کشمیر کے عوام کا اعتماد پاکستان پیپلز پارٹی کو ایک نئی تاریخی کامیابی سے ہمکنار کرے گا۔