کینسر کی دوا کا قدرتی متبادل مل گیا؟ سائنس دانوں نے دنیا کو حیران کر دیا

ڈنمارک (کشمیر ڈیجٹیل )سائنس کی دنیا سے کینسر کے علاج کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آگئی،تمباکو کے پودے میں کینسر کی اہم دوا تیارکرنے میں بڑی کامیابی مل گئی۔

سائنس دانوں نے تمباکو کے مخصوص پودے کو استعمال کرتے ہوئے کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی اہم دوا پیسلی ٹیکسل (Paclitaxel) تیار کرنے کا مکمل حیاتیاتی طریقہ کامیابی سے تشکیل دے دیا۔

 تحقیق کو مستقبل میں کینسر کی ادویات کی تیاری کے لیے ایک نئے متبادل کی بنیاد قرار دیا جا رہا ہے، جس سے قدرتی ذرائع بالخصوص یو کے درختوں پر انحصار کم ہونے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :جتنا زیادہ سوئیں گے، خطرہ اتنا ہی بڑھے گا؟ دل کے مریضوں کیلئے اہم تحقیق سامنے آگئی

سائنسی جریدے نیچر کیمیکل بائیولوجی میں 23 نومبر کو شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق یونیورسٹی آف کوپن ہیگن کے سائنس دان سوٹیریوس کامپرانیس کی سربراہی میں محققین نے یونیورسٹی آف ایتھنز اور فیوم یونیورسٹی کے ماہرین کے اشتراک سے تمباکو کی مخصوص قسم نیکوٹیانا بینتھامیانا (Nicotiana benthamiana) میں اس دوا کی مکمل حیاتیاتی تیاری کا عمل تشکیل دیا۔

پیسلی ٹیکسل، جسے ٹیکسال (Taxol) بھی کہا جاتا ہے، کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی اہم دوا ہے۔ تاہم اس کی پیچیدہ کیمیائی ساخت اور قدرتی ذرائع میں محدود دستیابی کے باعث اس کی تیاری سائنس دانوں کے لیے ایک بڑا چیلنج رہی ہے۔

نئی تحقیق میں پہلی مرتبہ دوا کی تیاری کے تمام حیاتیاتی مراحل کو یکجا کرکے ان کی کامیابی کی تصدیق کی گئی ہے۔

محققین نے اس مقصد کے لیے مختلف خامروں کی سرگرمیوں اور دورانِ عمل پیدا ہونے والے کیمیائی مرکبات کا جائزہ لیا۔ ان مرکبات کی ساخت کی تصدیق نیوکلیئر میگنیٹک ریزوننس (این ایم آر) تکنیک کے ذریعے کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں :مسلسل 25 منٹ ایک جگہ بیٹھنا بھی دل کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے، تحقیق

تحقیق کے مطابق دوا کی تیاری کے مختلف مراحل پودے کے خلیوں کے مختلف حصوں، جن میں پلاسٹڈز، اینڈوپلازمک ریٹیکیولم، سائٹوپلازم اور پیروکسی سومز شامل ہیں، میں مکمل ہوتے ہیں۔اس پیش رفت کی اہم بات یہ ہے کہ جینیاتی اور حیاتیاتی طریقوں میں تبدیلی کے ذریعے دوا کی پیداوار 500 گنا سے زیادہ بڑھائی گئی۔

سائنس دانوں نے ایک گرام خشک پودے سے 61.05 مائیکروگرام پیسلی ٹیکسل حاصل کیا۔ماہرین کے مطابق یہ کامیابی کینسر کی دوا کی تیاری کے لیے ایک متبادل ذریعہ فراہم کرسکتی ہے، تاہم بڑے پیمانے پر تجارتی پیداوار اور مریضوں تک فراہمی ممکن بنانے کے لیے مزید تحقیق اور تجربات درکار ہوں گے۔