سابق وزیرحکومت بیگم امتیاز نسیم ن لیگ میں شامل، مشتاق منہاس کی پوزیشن مستحکم

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والی رکن قانون ساز اسمبلی اور سابق وزیر بیگم امتیاز نسیم ہزاروں ساتھیوں کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔

اسلام آباد میں منعقدہ شمولیتی تقریب میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر مشتاق منہاس، راجہ مجاہد اور راجہ ریاست سمیت دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:ن لیگ کے سینئر رہنما فاروق سکندر، ملک نواز،راجہ عبدالقیوم اور مرتضیٰ گیلانی ٹکٹ کی دوڑ سے باہر

اس موقع پر بیگم امتیاز نسیم نے تحریک انصاف کے فارورڈ بلاک کو چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے بیگم امتیاز نسیم اور ان کے ہزاروں ساتھیوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاسی اور عوامی خدمات سے نہ صرف باغ اور آزاد کشمیر بلکہ پورا پاکستان مستفید ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے تمام افراد کو عزت، احترام اور مناسب نمائندگی دی جائے گی اور ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔

انجینئرامیر مقام نے کہا کہ سیاست عزت، احترام اور عوامی خدمت کا نام ہے۔ بیگم امتیاز نسیم کا مسلم لیگ (ن) کے ساتھ محبت اور وابستگی کا رشتہ ہمیشہ قائم رہا ہے اور ان کی شمولیت سے پارٹی مزید مستحکم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی مصروفیات کے باوجود تقریب میں شرکت کی اور صحافیوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وفاقی وزیر نے عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ایکشن کمیٹی کے 38 نکاتی مطالبات تسلیم کیے اور ان پر عملدرآمد بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ مہاجرین کی نشستوں سے متعلق مطالبہ آئینی نوعیت کا تھا، تاہم بعد میں پیش کیے گئے نئے چارٹر آف ڈیمانڈ میں بعض ایسی شقیں شامل کی گئیں جن پر تشویش ہے۔

انجینئرامیر مقام کے مطابق ایکشن کمیٹی نے مزید سات مطالبات شامل کیے، جن میں پاکستان کے ساتھ وفاداری کے حلف سے متعلق آئینی شق ختم کرنے کا مطالبہ بھی شامل تھا۔

انہوں نے کہا کہ نئے چارٹر آف ڈیمانڈ سے ایکشن کمیٹی کے عزائم کھل کر سامنے آ گئے ہیں تاہم حکومت آزاد کشمیر کے عوام کے بنیادی حقوق سے متعلق تمام جائز مطالبات تسلیم کرنے کے لیے تیار ہے۔

اس موقع پر بیگم امتیاز نسیم نے کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو کر اپنے گھر واپس آئی ہیں،مرحوم شوہر کرنل (ر) نسیم مسلم لیگ (ن) کے بانی رہنماؤں میں شامل تھے اور مشتاق منہاس کے پاس موجود مینڈیٹ دراصل ان کے خاندان کا مینڈیٹ ہے۔

بیگم امتیاز نسیم نے کہا کہ وہ اپنے حلقے اور عوام کے وسیع تر مفاد میں مسلم لیگ (ن) کو مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گی اور اسی جذبے سے کام کریں گی جیسے خود انتخاب لڑ رہی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کرنل (ر) نسیم کے دور میں وسطی باغ میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے، تاہم بعد ازاں ترقی کا عمل رک گیا، جسے مسلم لیگ (ن) دوبارہ بحال کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات : مسلم لیگ ن نے امیدواروں کی مکمل اور حتمی فہرست جاری کر دی

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وسطی باغ کی تینوں نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی جبکہ آزاد کشمیر میں بھی پارٹی اکثریت سے حکومت بنائے گی۔

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے رہنما مشتاق منہاس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انجینئر امیر مقام نے اپنی پوری سیاسی زندگی عوام اور پارٹی کی خدمت میں گزاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے گلگت بلتستان میں کامیاب انتخابی مہم چلانے پر امیر مقام کو مبارکباد دی تھی اور وہ پارٹی کے لیے بہترین کردار ادا کر رہے ہیں۔