ننھے کھلاڑیوں کا بڑا مقابلہ اسلام گڑھ میں 300 سے زائد بچوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا

اسلام گڑھ(نامہ نگار)ویژن آگین فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام تحصیل اسلام گڑھ کی چوتھی سالانہ ریس کے مقابلہ جات کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئے۔ سالانہ کھیلوں کے مقابلے میں تحصیل بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ نے شرکت کی۔

 مختلف عمر کے بچوں کے لیے منعقدہ مقابلہ جات میں مجموعی طور پر 300 سے زائد بچوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ریس کے مقابلوں میں انڈر 14، انڈر 13، انڈر 11، انڈر 8 اور بے بی ریس سمیت مختلف کیٹیگریز شامل تھیں، جن میں بچوں نے کھیلوں کے شاندار مظاہرے سے حاضرین کی توجہ حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں :مظفرآباد: سنوکر مقابلے، فاتح کوقومی سطح پر کھیلنے کا موقع ملے گا

 مقابلوں کا مقصد بچوں میں کھیلوں کا شوق پیدا کرنے، صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے، خود اعتمادی بڑھانے اور مثبت مسابقتی رجحان کو پروان چڑھانا تھا۔ مقابلوں کے اختتام پر نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کے علاوہ چوتھی سے دسویں پوزیشن تک آنے والے شرکاء کو بھی میڈلز، سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات سے نوازا گیا، جبکہ مقابلوں میں حصہ لینے والے تمام بچوں کو حوصلہ افزائی کے طور پر شمولیتی سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے۔

 اقدام کو بچوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی محنت کو سراہنے کے حوالے سے ایک مثبت قدم قرار دیا گیا۔ سالانہ ریس کے دوران عوام علاقہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی بھرپور شرکت کی اور بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں ـبرطانیہ میں کیمبرین پٹرول مقابلے ،پاک فوج نے مسلسل پانچویں بار تمغہ حاصل کر لیا

 والدین، اساتذہ اور دیگر شرکاء کی موجودگی نے اس کھیلوں کی سرگرمی کو مزید پرجوش اور یادگار بنا دیا۔ ایونٹ کے دوران بچوں کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

 اقرا ویلفیئر سوسائٹی مواہ رڑاہ، اسلام گڑھ ویلفیئر ٹرسٹ اور امید ویلفیئر ٹرسٹ کی ایمبولینسز ہمہ وقت موقع پر موجود رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ اس بڑے کھیلوں کے ایونٹ کے انعقاد اور انتظامی امور میں ویژن آگین فاؤنڈیشن کے چیئرمین محمد رمضان، مشتاق حسین، کوچ رضوان، مسٹر عبدالرازق، کوچ غلام فرید، کوچ بلال، ڈاکٹر رمضان جام، بابو راجہ یاسر، ڈاکٹر محمد ارشد، پی ای ٹی عدیل صدیق اور محمد عدنان سمیت ویژن آگین فٹبال اکیڈمی کے کھلاڑیوں نے بطور رضاکار اپنی خدمات سرانجام دیں۔ تمام رضاکاروں نے مختلف ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے مقابلوں کو منظم، محفوظ اور کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا

تقریب کے اختتام پر منتظمین نے مقابلوں میں شرکت کرنے والے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ، والدین، اسپانسرز، معاون اداروں، رضاکاروں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی بھرپور شرکت، عوامی تعاون اور مختلف اداروں کے اشتراک سے یہ سالانہ کھیلوں کا ایونٹ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ ویژن آگین فاؤنڈیشن کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مستقبل میں بھی بچوں اور نوجوانوں کے لیے ایسی صحت مند، مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ نئی نسل کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔