مہنگائی کے بے قابو جن نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی

پٹہکہ (کشمیر ڈیجیٹل)مہنگائی کے بے قابو جن نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی، آمدن محدود جبکہ اخراجات میں مسلسل اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا۔

 صورت حال یہ ہے کہ گھر کا چولہا جلانا بھی کسی بڑے امتحان سے کم نہیں رہا، اشیائے خوردونوش کی قیمتیں دن بدن بڑھنے کے باعث عام شہری کے لیے دو وقت کی روٹی کا بندوبست کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
بازاروں میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے، پیاز، ٹماٹر سمیت دیگر سبزیوں کے نرخوں میں اضافے نے شہریوں کو پریشان کر دیا۔ عوامی حلقوں کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت رواں سال سبزیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث عام آدمی کی قوت خرید بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :مہنگائی میں اتارچڑھائو، ٹماٹر، انڈے  مہنگے، آٹا، پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں کمی
کریانہ اور جنرل اسٹورز پر گھی، چینی، آٹا، چاول، چائے اور دالوں سمیت روزمرہ استعمال کی اشیاء بھی مہنگی ہو چکی ہیں۔ محدود آمدن میں گھر کے اخراجات پورے کرنا مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے، جبکہ مہنگائی کے مسلسل دباؤ نے غریب خاندانوں کے گھریلو بجٹ کو مکمل طور پر متاثر کر دیا ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ غریب طبقے کی بنیادی ضرورت صرف دو وقت کی روٹی ہے، لیکن موجودہ مہنگائی میں یہ ضرورت پوری کرنا بھی ایک کٹھن مرحلہ بن چکا ہے،محنت مزدوری کرکے روزی کمانے والا شخص دن بھر کی مشقت کے بعد بھی اپنے خاندان کی ضروریات پوری کرنے سے قاصر دکھائی دیتا ہے۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گھی، چینی، آٹا، دالوں، پھلوں اور سبزیوں سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، جبکہ غریب اور مستحق خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بنیادی اشیائے خوردونوش پر خصوصی سبسڈی دی جائے تاکہ مشکل معاشی حالات میں انہیں کچھ سہارا مل سکے۔

یہ بھی پڑھیں :پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کے باوجود مہنگائی کا طوفان،عوام ریلیف سے محروم

عوامی حلقوں نے ضلعی اور تحصیل سطح کی انتظامیہ سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو سرکاری نرخ ناموں کے مطابق رکھنے کے لیے مؤثر نگرانی کی جائے، ناجائز منافع خوری اور خودساختہ مہنگائی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جائے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں کمی ہی غریب کے گھر کا چولہا آسانی سے جلانے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے فوری اقدامات کریں تاکہ عام آدمی عزت و سکون کے ساتھ اپنے خاندان کی کفالت کر سکے۔