گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر سے کرایوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان کردیاہے۔
ٹرانسپورٹرز نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی آئے گی اور عوام کو حقیقی ریلیف حاصل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:پٹرول74روپے ، ڈیزل 67روپے کمی کا اعلان، فائدہ قوم کو پہنچے گا، وزیراعظم شہبازشریف
ٹرانسپورٹرز کا کہنا تھا کہ حکومت کا یہ اقدام قابلِ تعریف ہے اورمید ہے وزیراعظم آئندہ بھی عوامی ریلیف کے لیے اسی طرح مثبت اقدامات جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن حکومت کے ساتھ مل کرعوام کوریلیف فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔
دوسری جانب پنجاب میں وزیرٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبرخان نے صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے لیے فوری اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جب کہ متعلقہ افسران کو نئے کرایوں کی فہرست جاری کرنے کی ہدایات بھی دے دی گئی ہیں۔
بلال اکبرخان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہبازشریف نےعوام سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا ہے، جس کے بعد عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ کرایوں میں فوری کمی کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی بڑی کمی
انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی اچانک مختلف علاقوں کا دورہ کرکےکرایوں اورمسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیں گے۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے خبردار کیا کہ مقررہ نرخوں سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں74اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں67روپے کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔



