فیفا ورلڈ کپ، میکسیکو کے بعد کینیڈا میں شاندار افتتاحی تقریب، پہلا میچ برابر ہوگیا

فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کی میکسیکو کے بعد کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں بھی شاندار افتتاحی تقریب نے شائقین کے دل جیت لیے جبکہ افتتاحی میچ کینیڈا اور بوسنیا کے درمیان ایک، ایک گول سے برابر ہوگیا۔

ٹورنٹو میں کینیڈا اور بوسنیا کے میچ سے قبل ہونے والی اس تقریب میں مختلف نامور فنکاروں نے شاندار پرفارمنس پیش کی۔

اس موقع پر ایلیسیا کارا، جیسی ریز، نورا فتحی اور ایلیانا سمیت متعدد فنکاروں نے اسٹیج پر اپنی پرفارمنس سے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:فیفا ورلڈ کپ میں کونسی ٹیمیں مضبوط ہیں اور ٹرافی کی مالیت کتنی ہے؟

افتتاحی تقریب کے دوران ٹورنٹو کا اسٹیڈیم کینیڈا کے روایتی سرخ اور سفید رنگوں میں ڈھل گیا جس سے پورا ماحول جشن کا منظر پیش کرنے لگا۔

دوسرے دن کے پہلے میچ میں میزبان کینیڈا اور بوسنیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں جبکہ دوسرے میچ میں صبح 6 بجے امریکا اور پیراگوئے کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل میکسیکو میں بھی ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی تھی جہاں شکیرا اور برنا بوائے کی شاندار پرفارمنس نے دنیا بھر کے شائقین فٹبال کو جھومنے پر مجبور کر دیا تھا۔

ادھر فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے دن کا پہلا میچ میزبان کینیڈا اور بوسنیا کے درمیان ایک، ایک گول سے برابر ہوگیا۔

ٹورنٹو کے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کینیڈا کی ٹیم نے ابتدا سے ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن برتری پہلے بوسنیا نے حاصل کی، اُن کے کھلاڑی جووو لوکچ نے 21 منٹ میں گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچائی۔

وقفے تک مقابلہ 0-1 سے بوسنیا کے حق میں رہا۔

دوسرے ہاف میں کینیڈا کی ٹیم نے مزید جارحانہ انداز اختیار کیا، اُن کو گول کرنے کے مواقع بھی ملے مگر قسمت نے ساتھ نہیں دیا۔

یہ بھی پڑھیں:فیفا ورلڈ کپ کا شاندار آغاز، افتتاحی میچ میں میزبان میکسیکو نے فتح سمیٹ لی

البتہ کھیل کے 79ویں منٹ میں آخرکار کینیڈین کھلاڑیوں کی محنت رنگ لائی اور گائل نے ایک کک کے ذریعے گول کرکے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کردیا۔

اُس کے بعد کوشش کے باوجود دونوں میں سے کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی اور میچ1-1 گول سے برابری پر ختم ہوا۔