برمنگھم ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر رضا اللہ نے اپنی شاندار بیٹنگ سے پاکستان کو اننگز کی شکست بچالیا اور انہوں نے کئی ریکارڈز بھی اپنے نام کرلیے۔
رضا اللہ انگلینڈ کے خلاف دوسری اننگز میں نویں نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے اور 63 گیندوں پر 81 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پاکستان کو 130 رنز کی برتری دلادی۔
یہ بھی پڑھیں:برمنگھم ٹیسٹ، رضا اللہ کا بلا چل گیا، پاکستان کی میچ میں واپسی، انگلینڈ کوہدف دے دیا
رضااللہ نے اپنی اس اننگز میں 9 چھکے لگاکر ڈیبیو پر سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ورلڈ ریکارڈ برابر کردیا جبکہ محمد عباس نے اپنی 42 رنز کی اننگز میں 2 چھکےلگائے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی بار نمبر 9 سے نمبر 11 کے بیٹرز نے فاسٹ بولرز کو مجموعی طور پر 10 چھکے لگائے۔
انگلینڈ کے خلاف رضااللہ نے 43 گیندوں پر ففٹی مکمل کی جس کے بعد رضا اللہ ٹیسٹ ڈیبیو پر تیز ترین نصف سنچری کرنے والے پاکستانی بیٹر بن گئے۔ ا س سے قبل فہیم اشرف نے 2018 میں ڈیبیو پر 52 گیندوں پر 50 رنز کیے تھے۔
اس کے علاوہ رضا اللہ گزشتہ 15 سال میں فاسٹ بولرز کو 8 چھکے لگانے والے پہلے پاکستانی بیٹر ہیں۔ 15 سال میں کسی پاکستانی بیٹر نے فاسٹ بولرز کو ایک اننگز میں 8 چھکے نہیں لگائے تھے۔
برمنگھم ٹیسٹ میں رضااللہ نے انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 11 اور دوسری اننگز میں 81 رنز بنائے۔ اس کے ساتھ ہی رضا اللہ ڈیبیوپر انگلینڈ کے خلاف سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بھی بن گئے۔
یہ بھی پڑھیں:لندن:مظاہرین ہوٹل میں ٹھہرے پاکستان انڈر19 ٹیم کے دروازوں پر پہنچ گئے
واضح رہے کہ برمنگھم ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 449 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 130 رنز درکار ہیں۔
میزبان ٹیم انگلینڈ کو3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔




