اسلام آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی سے عوامی اتحاد فورم سدھنوتی کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور پونچھ کی موجودہ صورتحال، عوامی مسائل اور خطے میں امن و سیاسی عمل کی بحالی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔
اس موقع پر سابق وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی بھی موجود تھے۔
وفد نے کہا کہ پونچھ کے عوام محبِ وطن، بہادر اور لازوال تاریخ کے وارث ہیں، اس لیے موجودہ صورتحال کا حل مذاکرات، افہام و تفہیم اور سیاسی بصیرت کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کا بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی برسی پر خصوصی پیغام
وفد نے مطالبہ کیا کہ پونچھ میں جلد از جلد امن بحال کیا جائے اور پونچھ کے سات حلقوں میں فوری طور پر انتخابات کروا کر عوام کو دوبارہ سیاسی عمل کا حصہ بنایا جائے۔
وفد نے انٹرنیٹ کی مسلسل بندش سے پیدا ہونے والی مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کاروبار، تعلیم، مواصلات اور روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے، لہٰذا انٹرنیٹ سروس فوری بحال کی جائے۔
وفد نے پونچھ سے سرکاری دفاتر کی منتقلی کی خبروں پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جن سے عوام میں احساسِ محرومی پیدا ہو۔
وفد نے سدھنوتی میں پٹرول اور ڈیزل کی فراہمی میں مشکلات، پنجاڑ کہوٹہ کے مقام پر ناکے اور عوام کو درپیش دیگر مسائل بھی وزیراعظم کے سامنے رکھے اور مطالبہ کیا کہ عوامی مشکلات کے فوری تدارک کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
وفد نے مزید نشاندہی کی کہ آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں میں فلور ملز فعال ہیںجبکہ گوراہ اور آزاد پتن فلور ملز گزشتہ تقریباً تین ماہ سے بند ہیں، جس کے باعث سدھنوتی کے عوام کو سرکاری نرخوں پر آٹے کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اہلیانِ پونچھ کی قربانیاں تاریخ کا ایک سنہری باب ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ پونچھ کی صورتحال کو مذاکرات اور باہمی مشاورت کے ذریعے پرامن انداز میں حل کیا جائے اور حکومت اس مقصد کے لیے خلوصِ دل سے کوشش کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے یقین دلایا کہ پونچھ سے کوئی سرکاری دفتر منتقل نہیں کیا جائے گا بلکہ حکومت کے سو روزہ ترقیاتی پلان میں پونچھ کو بھی دیگر ڈویژنز کے برابر شامل کیا جائے گا اور ترقیاتی کام بلاامتیاز اور برابری کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے محکمہ خوراک کو ہدایات جاری کیں کہ سدھنوتی کی فلور ملز کو فوری طور پر گندم کی ترسیل یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی ممکن ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاڑ کہوٹہ ناکے اور انٹرنیٹ کی بحالی کے معاملے پر متعلقہ حکام سے جلد رابطہ کر کے مسائل کو حل کیا جائے گا، جبکہ پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی بھی بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پونچھ میں جلد از جلد امن کی بحالی حکومت کی ترجیح ہے اور انتخابات کے انعقاد کے ذریعے اہلیانِ پونچھ کو دوبارہ مکمل سیاسی عمل کا حصہ بنایا جائے گا۔
انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وزیراعظم کا دفتر اہلیان پونچھ کیلئے ہر وقت کھلا ہے اور عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر میں تیز رفتار اصلاحات، وزیراعظم گیلانی ان ایکشن،دن رات مصروف عمل
وزیراعظم نے عوامی اتحاد فورم کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مثبت کردار کی بدولت ہی معاشرہ ترقی کی منازل طے کرتا ہے ۔
وفد میں صدر سدھن ایجوکیشن سدھنوتی سردار تسنیم خان، سردار واجد بن عارف ایڈووکیٹ، چیئرمین انجمن تاجران سردار ارشاد خان، مسلم لیگ (ن) کے رہنما و وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی پلندری سردار مظہر آکاش، ممبر میونسپل کمیٹی سردار افتخار خان، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و چیئرمین یونین کونسل جھنڈا بگلہ سید مبشر حسین شاہ، رہنما مسلم لیگ (ن) ریٹائرڈ ڈی پی آئی سردار خالد محمود، جماعت اسلامی کے رہنما سردار ارسلان نثار ایڈووکیٹ، رہنما مسلم لیگ (ن) سردار امتیاز خالق، رہنما پاکستان پیپلز پارٹی و ممبر لوکل کونسل ربنواز خان، سیکرٹری عوامی اتحاد فورم سردار اصغر خان سمیت دیگر شامل تھے۔




