وسطی باغ، مشتاق منہاس کی بڑی کامیابی، سابق امیدوار اسمبلی مسعود حیات ن لیگ میں شامل

اسلام آباد :وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کی موجودگی میں ضلع باغ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت، سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ وسطی باغ صاحبزادہ سردار مسعود حیات نے باضابطہ طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی۔

اس موقع پر اُن کے سیکڑوں ساتھیوں نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ وفاقی وزیر نے صاحبزادہ سردار مسعود حیات کو مسلم لیگ (ن) کی ٹوپی اور مفلر پہنایا۔

یہ بھی پڑھیں:پیپلزپارٹی کی متحرک رہنما ماریہ اقبال ترانہ مسلم لیگ ن میں شامل

یہ شمولیتی تقریب مشیر وزیراعظم پاکستان رانا ثناء اللہ خان، صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر اور سینئر نائب صدر راجہ مشتاق منہاس کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے صاحبزادہ سردار مسعود حیات اور اُن کے ساتھیوں کو جماعت میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اُن کی شمولیت سے پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر، بالخصوص ضلع باغ میں جماعت مزید مضبوط، منظم اور متحرک ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر الیکشن،ن لیگ کے 30حلقوں کے ٹکٹس فائنل،امیدوا تیاری کریں،راناثنا

تقریب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر نجیب نقی خان، مرکزی سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر افتخار گیلانی، سابق وزیر حکومت چوہدری سعید، مشیر امور کشمیر سردار طارق محمود، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری سردار عثمان خان سدوزئی، شفیق ماگرے، اشراق عباسی، سردار ولید مظفر سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی شریک تھیں۔

یاد رہے کہ حلقہ وسطیٰ باغ سے سابق وزیر اطلاعات مشتاق منہاس، بریگیڈیئر(ر) محمد خان، راجہ محمد یاسین مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ کے امیدوار ہیں جبکہ مشتاق منہاس اور بریگیڈیئر(ر) محمد خان کے مابین سخت مقابلہ ہے، مشتاق منہاس شریف خاندان کے انتہائی قریب سمجھے جاتے ہیں۔