ساؤتھ ایشیئن گیمز ایک بار پھر ملتوی ،4 سال میں چوتھی بار تاریخ تبدیل

اسلام آباد( کشمیر ڈیجٹیل ) پاکستان میں کھیلوں کے بڑے ایونٹ ساؤتھ ایشیئن گیمز کے انعقاد کا خواب ایک بار پھر ادھورا رہ گیا، 14ویں ساؤتھ ایشیئن گیمز کو ایک مرتبہ پھر ملتوی کر دیا گیا۔

 اسلام آباد میں 3 سے 11 اپریل 2027 تک شیڈول کھیلوں کے اس میگا ایونٹ کو نئی تاریخوں پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے بعد پاکستان کی میزبانی اور کھیلوں کے انتظامات پر ایک بار پھر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے مطابق گیمز ملتوی کرنے کی بنیادی وجہ سعودی عرب میں چھٹے ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز کی نئی تاریخوں کا اعلان ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ورلڈ کپ اسنوکر میں پاکستان کا راج، سیمی فائنل کی تین نشستیں پاکستانی کھلاڑیوں کے نام

 اولمپک کونسل آف ایشیا اور سعودی اولمپک اینڈ پیرا اولمپک کمیٹی نے ان مقابلوں کے لیے 28 مارچ سے 8 اپریل 2027 کی تاریخیں مقرر کی ہیں۔

دونوں بڑے کھیلوں کے ایونٹس کی تاریخیں ایک دوسرے سے متصادم ہونے کے باعث ساؤتھ ایشیئن گیمز کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔

یہ بھی پڑھیں راولپنڈی اسٹیڈیم کے دروازے مفت کھل گئےشائقین کرکٹ  کیلئے بڑی خوشخبری

واضح رہے کہ پاکستان کو 2023 میں ساؤتھ ایشیئن گیمز کی میزبانی سونپی گئی تھی، تاہم انتظامی، مالی اور دیگر وجوہات کے باعث یہ ایونٹ مسلسل تاخیر کا شکار ہے۔

 2023 سے اب تک گیمز چار مرتبہ ملتوی ہو چکی ہیں، جو ملک میں بین الاقوامی کھیلوں کے بڑے مقابلوں کے انعقاد کے حوالے سے ایک اہم سوالیہ نشان ہے۔