مظفرآباد:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہےکہ آزاد کشمیر کے نوجوان بیروزگار اور پریشان ہیں ، ایک ہی کنسورشیم پاکستان اور آزاد کشمیر پر حکومت کررہا ہے ۔
مظفر آباد میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام مفت آئی ٹی تربیت میں داخلہ کے لیے آئے ہوئے ہزاروں طلباء وطالبات سے خطاب کرتے ہوئےحافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مشکلات کے باوجود کشمیری نوجوان عزم کریں کہ وہ کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے بھارت خوش ہو، کشمیریوں اور پاکستانیوں کا رشتہ جغرافیہ نہیں نظریے اور عقیدے کا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور اس کے عوام صبحِ آزادی تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ،حافظ نعیم الرحمان
الیکشن ہوتے رہیں گے ، نتائج جو بھی ہوں جماعت اسلامی کشمیریوں کا ساتھ نہیں چھوڑیگی، بنو قابل کا سفر کراچی سے شروع ہوکر مظفر آباد تک پہنچ گیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے طلبا وطالبات کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت انہیں آئی ٹی کی ہر قسم کی تربیت مفت فراہم کرے گی، مظفر آباد کے بعد وادی کے ہر علاقہ میں بنو قابل پروگرام کا آغاز ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مغربی بنگال کے انتخابات میں حکمران بی جے پی نے لاکھوں ووٹ کینسل کردئیے اور نتائج کے بعد مسلمانوں پر مظالم کا آغاز کردیا ۔
ہندوتوا کے ماننے والے کبھی مسلمانوں کو تسلیم نہیں کریں گے ، کشمیریوں کو اس حقیقت کا مکمل ادراک ہے ، کشمیریوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پوری پاکستانی قوم ان کی پشتیبان ہے ۔آزاد کشمیر تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے، جماعت اسلامی تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ کھڑی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے نوجوان دین سے اپنے رشتہ کو مضبوط کریں ، ہمیں معلوم ہے کہ کشمیر کے رہنے والے حالات سے پریشان ہیں، پورے پاکستان کی طرح یہاں بھی عوام مہنگائی سے بے حال ہے، کشمیر کے نوجوان جان لیں کہ دین کا نظام قائم ہوگا تو ہی سب کو عدل و انصاف ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین اور عوام کے حقوق کی جدوجہد کررہی ہے ، جماعت اسلامی نے کشمیری نوجوانوں کا ہاتھ تھام لیا ہے ، انہیں تعلیم کے میدان میں آگے لے کر جائیں گے تاکہ وہ ملک و قوم کی خدمت کرسکیں، پورے پاکستان کے دروازے اہل کشمیر کے لیے کھلے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان: جماعت اسلامی کے امیدوار مسلم لیگ ن کے حق میں دستبردار
انہوں نے کہا کہ کراچی میں بنوقابل کے آغاز کے بعد بلدیاتی انتخابات کا اعلان ہوا تو ایم کیو ایم اور پیپلزبارٹی نے پروپیگنڈہ شروع کردیا کہ اس پروگرام کو جماعت اسلامی سیاست کے لیے استعمال کررہی ہے، ان کا خیال تھا کہ انتخابات کے بعد بنو قابل بھی ٹھپ ہوجائے گا ، مگر ہم نے کراچی کے بعد اس کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلا دیا، تعلیم کا یہ سفر رکنے والا نہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے بنگلہ دیش کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ مشرقی پاکستان علیحدہ ہوگیا تاہم چند دہائیوں بعد بنگلہ دیش کے نوجوانوں نے بھارت کی باقیات کا خاتمہ کردیا۔ انہوں نے کامیاب امتحان کے انعقاد پر جماعت اسلامی مظفرآباد اور الخدمت کی ٹیم کو مبارکباد دی۔




