سماہنی:کرنٹ سے مچھلی کا شکار کرنیوالوں کیخلاف بڑی کارروائی، ملزم گرفتار، دو فرار

سماہنی(کشمیر ڈیجیٹل) یونین کونسل منانہ سرسالہ وارڈ پنڈ جٹاں میں  نالے سے بجلی کا کرنٹ لگا کرمچھلی کا شکارکرنیوالوں کا گھیرا تنگ ،ملزم گرفتارکرلیا۔

انتظامیہ سماہنی نے  نالے پر کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی طور پر مچھلیاں پکڑنے والے شکاری کو موقع پر گرفتار کر لیا جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اوورسیز کمیشن کی ازسرِنو تشکیل، افتخارگیلانی چیئرمین،عرفان الحق وائس چیئرمین مقرر

تفصیلات کے مطابق قدرتی نالے میں بجلی کا کرنٹ استعمال کرکے مچھلی کا شکار کرنے کی اطلاع پر انتظامیہ سماہنی نے چھاپہ مار کارروائی کی۔

اس دوران ایک شخص کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا، جبکہ کارروائی کے دوران دو دیگر ملزمان فرار ہو گئے۔

اسسٹنٹ کمشنر سماہنی چوہدری سہیل بشیر اور تحصیلدار چوہدری عابد حسین کا کہنا تھا کہ قدرتی آبی وسائل میں بجلی کا کرنٹ استعمال کرکے مچھلی کا شکار کرنا غیر قانونی اور انتہائی خطرناک عمل ہے۔

اس سے نہ صرف آبی حیات اور ماحول کو شدید نقصان پہنچتا ہے بلکہ انسانی جانوں کے لیے بھی سنگین خطرات پیدا ہوتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ قدرتی آبی وسائل کے تحفظ اور غیر قانونی شکار کی روک تھام کیلئے انتظامیہ کی جانب سے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی

انہوں نے کہا کہ ایسے غیر قانونی اقدامات میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قدرتی آبی وسائل کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں، آبی حیات کی حفاظت کیلئے انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں ۔

انہوں نے کہا کہ کرنٹ لگا کر مچھلی کے شکار جیسے خطرناک عمل  پرفوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔