آزاد کشمیر ،گریڈ1کے سیکڑوں ایڈہاک وعارضی ملازمین مستقل، صدارتی آرڈیننس جاری

آزاد کشمیر حکومت نے گریڈ1کے ایڈہاک اور عارضی ملازمین کومستقل کرنے کا صدارتی آرڈیننس جاری کر دیا ہے۔

محکمہ قانون، انصاف، پارلیمانی امور و انسانی حقوق کی جانب سے18 مئی 2026 کوجاری کیا گیا آرڈیننس 14 مئی 2026 سے قائم مقام صدر آزاد کشمیرچوہدری الطیف ا کبر کی منظوری سے نافذ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وفاقی حکومت کا سرکاری ملازمین کو بلاسود الیکٹرک بائیکس دینے کا فیصلہ

یہ آرڈیننس پورے آزاد جموں و کشمیر میں نافذ ہوگا اوراس کا اطلاق حکومت، نیم سرکاری اداروں، کارپوریشنز اور خصوصی اداروں کے گریڈ1 ملازمین پر ہوگا۔

اس آرڈیننس سے صرف وہ ملازمین مستفید ہونگےجو ایڈہاک یا عارضی بنیادوں پر تعینات ہوئے ہیں،واضح خالی آسامی پر تعینات ہوں، متعلقہ سروس رولز کے مطابق مطلوبہ تعلیم اور تجربہ رکھتے ہوں۔

ڈیلی ویجز اور ورک چارج ملازمین اس آرڈیننس سے مستفید نہیں ہوں گے،محکمانہ انتخابی کمیٹیاں ملازمین کا ریکارڈ چیک کریں گی۔کمیٹیاں 30 دن کے اندر سفارشات مرتب کریں گی جس کے بعدمجاز اتھارٹی سفارشات کی بنیاد پر مستقلی کی منظوری دے گی۔

آرڈیننس کے مطابق مستقل ہونے والے ملازمین کو پہلے سے مستقل ملازمین سے جونیئر شمار کیا جائے گا۔

آرڈیننس کے مطابق اگر کوئی ملازم پہلے ترقیاتی منصوبے میں کام کرتا رہا ہو اور بعد میں اس کی پوسٹ ریگولر بجٹ میں منتقل ہوئی ہو تو اس کی سابقہ سروس بھی شمار کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت آزاد کشمیر : پولیس ملازمین کے لیے صدارتی پولیس ایوارڈ اور نقد انعامات کا اعلان

صدر آزاد کشمیر نے یہ آرڈیننس عبوری آئین 1974 کے آرٹیکل 41 کے تحت جاری کیا کیونکہ قانون ساز اسمبلی کا اجلاس جاری نہیں تھا اور حکومت کے مطابق فوری اقدام ضروری تھا۔

یہ آرڈیننس گریڈ1کے سینکڑوں عارضی ملازمین کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے جنہیں طویل عرصے سے مستقلی کا انتظار تھا۔

یاد رہے کہ چند دنوں میں الیکشن شیڈول جاری ہونا ہے اور پیپلزپارٹی حکومت کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ ملازمین کو ریلیف دیا جائے،اسی سلسلہ میں ایڈہاک تقرریاں بھی عمل میں لائی جا رہی ہیں۔