کوٹلی (کشمیر ڈیجیٹل)دہشتگرد ایکشن کمیٹی سے وابستہ رہنے والے نوجوان حماس نے بھی تنظیم سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔
نوجوان حماس نے عوام اور نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تنظیم کے مبینہ پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں اور اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے اس سے دور رہیں۔
اپنے ویڈیو بیان میں نوجوان حماس کا کہنا تھا کہ وہ طویل عرصے تک دہشتگردایکشن کمیٹی کے ساتھ وابستہ رہے اور عوامی حقوق کیلئے آواز اٹھانے کے مقصد سے تنظیم کا ساتھ دیتے رہے
انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ انہیں اس دہشتگرد تنظیم کی قیادت کے بعض اقدامات اور عزائم سے متعلق تحفظات پیدا ہوئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سماہنی:کرنٹ سے مچھلی کا شکار کرنیوالوں کیخلاف بڑی کارروائی، ملزم گرفتار، دو فرار
حماس کے مطابق جب انہیں محسوس ہوا کہ عوامی حقوق کی جدوجہد کی آڑ میں ایسے مقاصد کو آگے بڑھایا جا رہا ہے جو ان کے نزدیک درست نہیں تو انہوں نے اس تنظیم سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔
اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے 9 نومبر کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس روز تنظیمی قیادت کی جانب سے کارکنان کو بتایا گیا کہ راولاکوٹ میں قتل عام کیا جا رہا ہے اور اس صورتحال کیخلاف احتجاج کیلئے تمام کارکنان گھروں سے باہر نکلیں۔
حماس کا کہنا تھا کہ قیادت کی ہدایات پر انہوں نے دیگر کارکنان کے ہمراہ احتجاج میں شرکت کیتاہم بعد ازاں جب اس معاملے کی تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو تنظیمی قیادت کی جانب سے منفی پروپیگنڈا سامنے آگیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حقائق سامنے آنے کے بعد انہوں نے اپنے دیگر ساتھیوں سمیت دہشتگرد تنظیم ایکشن کمیٹی سے لاتعلقی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا اور اب وہ کسی صورت اس تنظیم کا حصہ نہیں ہیں۔
نوجوان حماس نے ریاست کے عوام بالخصوص نوجوان نسل سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کے مبینہ منفی پروپیگنڈے سے متاثر نہ ہوں، حالات اور واقعات کی حقیقت جاننے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کریں اور اپنے مستقبل کو داؤ پر لگانے سے گریز کریں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دہشت گرد تنظیم ایکشن کمیٹی کا باب ہمیشہ کیلئے بند کیا جائے، شہری
انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں، انہیں کالعدم ایکشن کمیٹی سے دور رکھیں اور ان کے روشن مستقبل کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
حماس نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے مستقبل، تعلیم اور معاشرتی ذمہ داریوں پر توجہ دیں اور ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے رہیں۔
واضح رہے کہ نوجوان حماس نے اپنے ویڈیو بیان میں تنظیم سے طویل وابستگی، 9 نومبر کے احتجاج اور بعد ازاں علیحدگی اختیار کرنے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے دیگر نوجوانوں کو بھی تنظیم سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔




