گرم موسم: گلیشئرپگھلنے ،بادل پھٹنے سے طغیانی کا خدشہ، ایس ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)ڈائریکٹر جنرل اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی آزاد جموں و کشمیر سعید الرحمن قریشی نے آزادکشمیر کے موسم کے حوالے سے بڑی پیشگوئی کردی ۔

سعید الرحمن قریشی کا کہنا تھا کہ آئندہ چند دنوں میں پاکستان کے مختلف شہروں، گلگت بلتستان، آزادکشمیر میں موسم شدید گرم ہوگا۔

ڈی جی ایس ڈی ایم اے نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی کے باعث گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے پہاڑوں پر برفانی گلیشئرپگھلنے سے آئندہ چند دنوں میں بادل پھٹنے ، دریائوں میں طغیانی کا اندیشہ ہے ۔

ڈی جی ایس ڈی ایم اے نے شدید بارشوں، سیلاب اور خوفناک درجہ حرارت کے تغیرات سے خبردار کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان سمیت پاکستان بھر کے مختلف علاقوں کے متاثر ہونے کے خدشے کا اظہار کیا۔

ڈائریکٹر جنرل اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سعید الرحمان قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آنے والا مون سون شدید ہو سکتا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:محکمہ برقیات میں بھرتیاں، امیداروں کا رش،ہزاروں ٹیسٹ دینے پہنچ گئے

تاہم ایس ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر مستعد ہیں۔ حکومت کی ہدایات کی روشنی میں تیاریوں کا عمل جاری ہے۔

اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مشینری کو فیلڈ میں تعینات کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ندی نالوں کی صفائی کی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے ۔۔

تمام نالہ جات جن میں طغیانی آنے کا خدشہ ہے اور جو آبادیوں کو متاثر کر سکتے ہیں، ان کی ڈی سلٹنگ کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر: بلدیاتی اداروں کیلئے 1 ارب 60کروڑ کے فنڈزمنظور،نوٹیفکیشن جاری

ایسی تمام آبادیاں جو مون سون کے دوران متاثر ہو سکتی ہیں، ان کی نشاندہی مکمل کر لی گئی ہے اور ان کے لیے متبادل انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔

ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ قدرتی آبی راستوں اور نالہ جات کے اندر یا ان کے قریب قائم آبادیوں کو باقاعدہ نوٹسز جاری کئے جا رہے ہیں۔۔

انخلا کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ مون سون کے موسم میں کم از کم وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔انہوں نے بتایا کہ عوام الناس میں شعور و آگاہی پیدا کرنے اور بروقت اطلاعات کی فراہمی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے بھی اقدامات شروع کر دیئے۔

اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے مون سون کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے جبکہ مجموعی منصوبہ بندی آخری مراحل میں ہے۔

اس ضمن میں درکار تمام ضروری وسائل کی بروقت فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مون سون کے دوران انسانی جانوں، املاک اور دیگر اثاثہ جات کو محفوظ بنایا جا سکے اور کسی بھی قسم کے جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔