میرپور (کشمیر ڈیجیٹل) آزادکشمیر میں صحافیوں کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ مسائل کے حل اور محکمہ اطلاعات و صحافی برادری کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کیلئے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
صحافیوں کی پیشہ ورانہ ضروریات پوری کرنے کیلئےدستیاب تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر محمد راشد حنیف نے دورہ میرپور کے دوران کیا۔
سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محمد راشد حنیف نے ڈویژنل ڈائریکٹوریٹ تعلقات عامہ و اطلاعات میرپور کا دورہ کیا، جہاں ان کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر پریس فاؤنڈیشن کی گورننگ باڈی کے ممبران، کشمیر پریس کلب میرپور کے عہدیداران اور سینئر صحافیوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر پریس فاؤنڈیشن کے آئندہ انتخابات کے انتظامات، صحافیوں کی فلاح و بہبود، انہیں درپیش پیشہ ورانہ مسائل اور محکمہ اطلاعات و صحافی برادری کے درمیان ہم آہنگی اور مؤثر رابطہ کاری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں :بھمبر میں ہیوی ڈمپرز اور ٹریکٹر ٹرالیوں کا داخلہ بند، دفعہ 144 نافذ
اجلاس میں ممبر بورڈ آف گورنرز آزاد کشمیر پریس فاؤنڈیشن خالد چوہدری، صدر کشمیر پریس کلب میرپور سید عابد حسین شاہ، جنرل سیکرٹری راجہ سہراب خان جبکہ سینئر صحافیوں الطاف حمید راؤ، سجاد جرال، ارشد بٹ اور حافظ مقصود نے شرکت کی۔
شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ محکمہ اطلاعات اور صحافی برادری کے مابین باہمی تعاون، مشاورت اور رابطہ کاری کے عمل کو مزید مضبوط اور نتیجہ خیز بنایا جائے تاکہ صحافتی شعبے کو درپیش مسائل کا مؤثر حل ممکن ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں :6 ماہ سے عوام یرغمال ، کالعدم ایکشن کمیٹی کیخلاف کارروائی کا مطالبہ زور پکڑ گیا
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محمد راشد حنیف نے کہا کہ محکمہ اطلاعات صحافیوں کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن دستیاب وسائل بروئے کار لائے گا۔
صحافی ہمارا دست و بازو ہیں اور ان کے ساتھ مضبوط پیشہ ورانہ روابط کا فروغ محکمہ اطلاعات کی ترجیحات میں شامل ہے۔ صحافت کے شعبے میں رونما ہونے والی تیز رفتار تبدیلیوں، جدید ٹیکنالوجی اور بدلتے ہوئے رجحانات سے ہم آہنگ ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
راشد حنیف نے کہاہے کہ صحافی برادری کے ساتھ مسلسل رابطے اور مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ ان کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ ضروریات کے حوالے سے محکمہ اطلاعات اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کر سکے۔
سیکرٹری اطلاعات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ اطلاعات اور صحافی برادری کے درمیان باہمی اعتماد، تعاون اور پیشہ ورانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔




