میرپور:رٹھوعہ ہریام برج پر ڈرفٹنگ اورغیر ضروری پارکنگ پر پابندی

میرپور (کشمیر ڈیجیٹل)ڈپٹی کمشنر میرپور سید عمران عباس نقوی کی رٹھوعہ ہریام برج پر ٹریفک نظم و ضبط برقرار رکھنے، شہریوں کی حفاظت اور ڈرفٹنگ کی روک تھام کیلئےپولیس حکام سمیت متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت کر دی۔  

ڈپٹی کمشنر میرپور سید عمران عباس نقوی نے رٹھوعہ ہریام برج پر ٹریفک کی بلا تعطل روانی، شہریوں کی حفاظت اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کیلئے پولیس حکام سمیت متعلقہ اداروں کو فوری حفاظتی و انتظامی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ پل پر شروعات کے دنوں  میں ٹریفک اہلکاروں کی تعیناتی یقینی بنائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں:رٹھوعہ ہریام برج پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے کھول دیا، تقریب کا اہتمام

انہوں نے کہا کہ گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور دیگر ٹرانسپورٹ کی پارکنگ یا غیر ضروری طور پر کھڑے ہونے پر پابندی پر عملدرآمد کرایا جائے اور سوشل میڈیا پر سامنے آ نیوالی ڈرفٹنگ کی شکایات کے تدارک کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔

  ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں جاری کردہ مراسلے میں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس میرپور، پراجیکٹ ڈائریکٹر رٹھوعہ ہریام برج اور اسسٹنٹ کمشنرز میرپور و اسلام گڑھ کو ہدایت کی گئی ہے کہ پل پر تھانہ اسلام گڑھ کی حد بندی کا واضح تعین کرتے ہوئے متعلقہ مقامات پر نشانات اور سائن بورڈز نصب  کئے جائیں تاکہ کسی حادثے یا ناخوشگوار واقعے کی صورت میں قانونی کارروائی کے حوالے سے حدود کے تعین کے معاملہ کو لے کر کوئی ابہام باقی نہ رہے ۔

ڈپٹی کمشنر میرپور کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ رٹھوعہ ہریام برج کے افتتاح کے بعد پل پر ٹریفک کا دباؤ معمول سے ریادہ بڑھ گیا ہے جبکہ میرپور اور گردونواح سے شہریوں کی بڑی تعداد بھی پل کو دیکھنے اور پل پرسیر و تفریح  کرنے کیلئے بھی آ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:رٹھوعہ ہریام پل کا سٹرکچر20سال بعد مکمل، عوام کا اظہار تشکر

ان کا مزید کہنا تھا کہ پل کی سڑک کی چوڑائی اور گنجائش کے مطابق ٹریفک نظم و ضبط برقرار رکھنا اور شہریوں کی حفاظت یقینی بنانا ناگزیر ہے، لہٰذا متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور ذمہ داری کے ساتھ ہدایات پر فوری عملدرآمد یقینی بنائیں۔