استری کی جلی ہوئی سطح چمکانے کا حیران کن طریقہ وائرل، کون سی عام گولی کام آتی ہے؟

 اسلام آباد : گھروں میں روزمرہ استعمال ہونے والی ایک عام درد کش دوا ان دنوں سوشل میڈیا پر غیر معمولی توجہ حاصل کر رہی ہے۔

دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہی دوا کپڑے استری کرنے والی مشین کی جلی ہوئی اور سیاہ سطح کو چند منٹوں میں صاف کرکے دوبارہ چمکدار بنا سکتی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور پوسٹس میں پیراسیٹامول کی گولی کے ذریعے استری کی نچلی سطح پر جمی میل اور جلے ہوئے داغ صاف کرنے کا طریقہ دکھایا جا رہا ہے، جس نے صارفین کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :صبح کے وقت زیادہ دیر سونا صحت میں گراوٹ کی علامت:ماہرین

وائرل ویڈیوز میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گرم استری کی سطح پر پیراسیٹامول کی گولی لگانے سے جمی ہوئی میل نرم ہو کر اترنے لگتی ہے اور بعد ازاں کپڑے سے صاف کرنے پر استری کی سطح پہلے جیسی چمکدار دکھائی دینے لگتی ہے۔

تاہم اس طریقے کو آزمانے سے پہلے چند اہم احتیاطی تدابیر جاننا ضروری ہیں۔ پیراسیٹامول کو گرم کرنے سے اس کے کیمیائی اجزا تبدیل ہو سکتے ہیں اور نقصان دہ بخارات یا دھواں خارج ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

اس لیے اسے گھریلو صفائی کے محفوظ طریقے کے طور پر استعمال کرنے کی سفارش نہیں کی جا سکتی۔

یہ بھی پڑھیں :رٹھوعہ ہریام پل کی 25 سال بعد تکمیل، اہلیان میرپور اور اوورسیز کشمیریوں کا حکومت ،لیگی قیادت کو خراجِ تحسین

ماہرین کے مطابق گرم استری کے ساتھ تجربات کرتے ہوئے جلنے اور نقصان دہ دھوئیں سے متاثر ہونے کا خطرہ موجود رہتا ہے۔ بالخصوص نان اسٹک یا سیرامک کوٹنگ والی استری پر غیر موزوں اشیا رگڑنے سے اس کی حفاظتی سطح متاثر ہو سکتی ہے۔

استری کی صفائی کے لیے بہتر ہے کہ بجلی کا کنکشن منقطع کرکے اسے ٹھنڈا ہونے دیا جائے اور مینوفیکچرر کی ہدایات کے مطابق مخصوص آئرن کلینر یا مناسب نرم کپڑا استعمال کیا جائے۔

 سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا یہ انوکھا ٹوٹکہ بظاہر دلچسپ ضرور ہے، لیکن چند منٹوں میں استری چمکانے کی کوشش میں اپنی صحت اور استری کی حفاظت کو خطرے میں ڈالنا دانشمندی نہیں۔