بھمبر میں ہیوی ڈمپرز اور ٹریکٹر ٹرالیوں کا داخلہ بند، دفعہ 144 نافذ

 بھمبر ( کشمیر ڈیجٹیل ) بھمبر شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ اور حادثات کی روک تھام کے لیے انتظامیہ نے بڑا فیصلہ کر لیا۔

 شہر میں ہیوی ڈمپرز، ٹریکٹر ٹرالیوں اور دیگر لوڈر گاڑیوں کے داخلے پر صبح 6 بجے سے رات 8 بجے تک پابندی عائد کر دی گئی۔

 خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی اور مقدمات درج کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں راولاکوٹ میں مسلح جتھوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ تیز، حکومت سے فوری امن بحالی کا مطالبہ
سب ڈویژنل مجسٹریٹ بھمبر سردار مشتاق احمد خان نے شہریوں کو آمدورفت کی مشکلات سے نجات دلانے اور ممکنہ حادثات کی روک تھام کیلئے دفعہ 144 ضابطہ فوجداری کے تحت باقاعدہ حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔

جاری کردہ حکم نامے کے مطابق صبح 6 بجے سے رات 8 بجے تک ہیوی ڈمپرز، ٹریکٹر ٹرالیاں اور دیگر لوڈر گاڑیاں بھمبر شہر کی حدود میں داخل نہیں ہو سکیں گی۔

 انتظامیہ کے مطابق بھاری گاڑیوں کی شہر میں آمدورفت کے باعث ٹریفک کا نظام متاثر ہوتا ہے، سڑکوں پر دباؤ بڑھتا ہے اور حادثات کے خدشات میں اضافہ ہوتا ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :رٹھوعہ ہریام پل کی 25 سال بعد تکمیل، اہلیان میرپور اور اوورسیز کشمیریوں کا حکومت ،لیگی قیادت کو خراجِ تحسین

حکم نامے میں اس امر کی بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ بھاری گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے شہر کے باہر بائی پاس پہلے سے موجود ہے، لہٰذا مقررہ اوقات کے دوران ان گاڑیوں کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 ایس ایچ او تھانہ سٹی بھمبر اور ایس ایچ او تھانہ علی بیگ کو ضابطہ فوجداری کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔

جاری کردہ حکم نامے کے مطابق یہ پابندی ایک ماہ تک نافذ العمل رہے گی۔

انتظامیہ کا یہ اقدام شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، شہریوں کی مشکلات کم کرنے اور بھاری گاڑیوں کے باعث پیش آنے والے ممکنہ حادثات کی روک تھام کے لیے اٹھایا گیا ہے۔