میرپور( کشمیر ڈیجیٹل) سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود و ترقی نسواں آزادکشمیر چوہدری رقیب حسین نے محکمہ سماجی بہبود و ترقی نسواں میرپور میں شیلٹر ہوم میرپور کا تفصیلی دورہ کیا۔
سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود و ترقی نسواں چوہدری رقیب حسین کے دورے کے موقع پر انچارج شیلٹر ہوم عامرہ گل، سوشل ویلفیئر آفیسر صفینہ فاروق چوہان اور لاءآفیسر ترقی نسواں عاصمہ علی شان نے چوہدری رقیب حسین کو شیلٹر ہوم کے انتظامات، مقیم خواتین کو فراہم کی جانے والی سہولیات، قانونی معاونت، نفسیاتی مشاورت اور بحالی کے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
یہ بھی پڑھیں:چھٹا سالانہ اسٹوڈنٹ ایجوکیشن ایکسپو میرپور میں کامیابی سے اختتام پذیر، 3,697 افراد کی شرکت
سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود و ترقی نسواں چوہدری رقیب حسین نے شیلٹر ہوم کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، مقیم خواتین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔
چوہدری رقیب حسین نے دورے کے موقع پر شیلٹر ہوم کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خواتین کو تحفظ، عزت ،اور بہتر سہولیات کی فراہمی محکمہ کی اولین ترجیح ہے۔
شیلٹر ہوم میں مقیم خواتین کی قانونی، طبی اور نفسیاتی ضروریات کو مزید بہتر انداز میں پورا کیا جائے ، مسائل کی شکار خواتین کی سماجی بحالی و بااختیار بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود و ترقی نسواں آزادکشمیر خدمت کا مشن جاری رکھے گا، ہم نے دکھی انسانیت کی خدمت کرنی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:وزیرجنگلات وقاراحمد نورچیئرمین میریٹوریئس سروسز ایکنالوجمنٹ کمیٹی مقرر
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی ترجیحات کے عین مطابق سماجی رویوں میں بہتری ، خدمت خلق اور شیلٹر ہوم میں سماجی مسائل کا شکار خواتین کی موثر دیکھ بحال کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے ۔
اس موقع پر سیکر ٹری محکمہ سماجی بہبود و ترقی نسواں آزادکشمیر چوہدری رقیب حسین نے شہید بے نظیر بھٹو ادارہ برائے خواتین میرپور کےشیلٹر ہوم کے عملے کی کاوشوں کو قابل تعریف قرار دیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔




