اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل )راولاکوٹ میں ایک بچی کے زخمی ہونے اور حالیہ پُرتشدد واقعات کے پس منظر میں اینکر مجتبیٰ بٹ نے اپنی پوڈ کاسٹ کے دوران کالعدم ایکشن کمیٹی سے وابستہ عناصر پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔
مجتبیٰ بٹ نے اپنے پوڈ کاسٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر مبینہ طور پر راولاکوٹ میں حالات کو مزید کشیدہ کرنے اورعوامی ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے بچوں اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور یہ انتشارکمیٹی لاشوں پر سیاست سے کر رہی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فاروق حیدر بھارتی ایجنٹ ، کالعدم ایکشن کمیٹی کے سہولت کار ہیں، اینکر مجتبیٰ بٹ کا انکشاف
انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ اور اس کے گردونواح میں مسلح افراد کی موجودگی تشویشناک ہے اور مبینہ طور پرایک مسلح گروہ مختلف پہاڑی علاقوں میں سرگرم ہے ۔
راولا کوٹ میں موجود کالعدم ایکشن کمیٹی کے گروہ کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے اور شہری آبادی کیلئے خطرات پیدا کرنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے۔
پوڈ کاسٹ میں مجتبیٰ بٹ نے کالعدم ایکشن کمیٹی سے وابستہ بعض عناصر کے سیاسی طرزِ عمل پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ تشدد اور کشیدگی کے واقعات سے مخصوص سیاسی گروہوں کو فائدہ پہنچتا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ریاست اپنی رٹ بحال کریگی،کالعدم ایکشن کمیٹی نے زندہ رہنے کیلئے اپنے بندے مروادیئے،مجتبیٰ بٹ
مجتبیٰ بٹ نے کہا کہ کسی بھی سیاسی یا تنظیمی مقصد کے حصول کیلئے انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنا اور عوامی جذبات کو اشتعال دلانا کسی صورت بھی ریاست کو قابل قبول نہیں ہونا چاہیے۔
اینکر مجتبیٰ بٹ نے زور دے کر کہا کہ راولاکوٹ میں پیش آنے والے واقعات اور مسلح سرگرمیوں سے متعلق دعوؤں کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ حقائق سامنے آسکیں اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔




