سری نگر (کشمیر ڈیجیٹل) جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی حیثیت کی بحالی خطے کے عوام کی ایک اہم اور فوری ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی درجے کی بحالی سے نہ صرف عوام کو درپیش مشکلات میں کمی آئے گی بلکہ ایک منتخب حکومت کو بھی آزادانہ اور مؤثر انداز میں کام کرنے کا موقع ملے گا، جس کے نتیجے میں عوامی مفاد کے فیصلے بہتر طریقے سے کئےجا سکیں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:لداخ میں شدید سردی کے باوجود بھارت کیخلاف احتجاج، خواتین ، بچے بھی میدان میں آگئے
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ان خیالات کا اظہار جموں میں اپنی رہائش گاہ پر مختلف علاقوں سے آنے والے عوامی وفود سے ملاقات اور گفتگو کے دوران کیا۔
اس موقع پر وفود نے انہیں اپنے اپنے علاقوں کو درپیش مسائل، عوامی مشکلات اور دیگر اہم معاملات سے آگاہ کیا جبکہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ان کے مسائل غور سے سنے اور عوامی حقوق کی بحالی کیلئےاپنی جماعت کے مؤقف کا اعادہ کیا۔
ڈاکٹرفاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ ریاستی حیثیت کے بغیر عوامی نمائندوں اور منتخب حکومت کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مختلف نوعیت کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ان کے مطابق ایک بااختیار منتخب حکومت ہی عوام کی ضروریات کو بہتر طور پر سمجھتے ہوئے مقامی مسائل کے حل کیلئے بروقت اور مؤثر اقدامات کر سکتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر کے عوام سے چھینے گئے آئینی، سیاسی اور جمہوری حقوق کی بحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاستی درجے کی بحالی محض ایک سیاسی مطالبہ نہیں بلکہ جموں و کشمیر کے عوام کی شناخت، جمہوری اختیار اور سیاسی حقوق سے جڑا ایک اہم معاملہ ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مقبوضہ کشمیر : میڈکل کے100سے زائد طلباء کا مستقبل مخدوش
نیشنل کانفرنس کے صدر نے مزید کہا کہ ان کی جماعت اس مقصد کے حصول کیلئے ہر پرامن اور جمہوری راستہ اختیار کرے گی اور عوام کے حقوق کی بحالی کے معاملے پر کسی قسم کی غفلت یا پسپائی اختیار نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاستی حیثیت کی بحالی کے لیے سیاسی اور جمہوری سطح پر آواز بلند کرنے کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔




