ون ڈے کرکٹ : ویرات کوہلی بدترین ریکارڈ میں ٹنڈولکر کے برابر آگئے

بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے، جس کے ساتھ ہی انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے بھارتی بیٹرز کی فہرست میں لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ برابر کر دیا۔

ماؤنٹ مونگانوئی کے بے اوول میں کھیلے گئے میچ میں ویرات کوہلی صرف 4 گیندوں کا سامنا کر سکے اور 20ویں مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:صاحبزادہ فرحان کی ویرات کوہلی پر سبقت، اہم تاریخی ریکارڈ اپنے نام کر لیا

 دلچسپ بات یہ ہے کہ سچن ٹنڈولکر نے اپنے 463 ون ڈے میچز کے کیریئر میں 20 مرتبہ صفر کا سامنا کیا تھا جبکہ کوہلی نے یہ سنگ میل اپنے 321ویں ون ڈے میچ میں عبور کیا۔

اس فہرست میں سابق بھارتی فاسٹ بولر جواگل سریناتھ 19 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ انیل کمبلے اور روہت شرما 18، 18 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہو کر مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
میچ  میں  نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 333 رنز بنائے اور بھارت کو جیت کیلئے 334 رنز کا ہدف دیا۔

جواب میں بھارتی ٹیم کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہنری نے پہلی ہی گیند پر روہت شرما کو آؤٹ کر کے بھارت کو ابتدائی نقصان پہنچایا جبکہ اسی اوور میں ویرات کوہلی کو بولڈ اور شریاس ائیر کو بھی پویلین بھیج کر بھارتی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ون ڈے ورلڈ کپ میرا آخری میچ ہوگا، ویرات کوہلی کا کرکٹ چھوڑنے کا اعلان

بھارت کی ابتدائی تین وکٹیں بغیر کسی رن کے گرنے کے بعد بھارتی ٹیم سنبھل نہ سکی اور پوری ٹیم 26.4 اوورز میں محض 89 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اس طرح نیوزی لینڈ نے بھارت کو 244 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔

واضح رہے کہ ویرات کوہلی رواں سال 3 اکتوبر کو نیو چندی گڑھ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں بھی صفر پر آؤٹ ہوئے تھے جہاں ویسٹ انڈین فاسٹ بولر جےڈن سیلز نے انہیں پویلین بھیجا تھا۔