راولپنڈی راولاکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل) راولپنڈی میں تیز رفتار کار کی ٹکر سے دو لڑکیاں جاں بحق ہو گئیں، حادثے کے بعد ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہو گیا۔
جاں بحق ہونے والی لڑکیوں کی شناخت خنشہ خالد اور ثناء سلیم کے نام سے ہوئی ہے، متوفیہ خنشہ خالد کا تعلق کھڑک راولاکوٹ جبکہ ثناء سلیم کا تعلق چھوٹا گلہ راولاکوٹ سے ہے ۔
دونوں رحمان آباد نادرا دفتر والی بلڈنگ پر واقع ایک میڈیکل بلنگ کمپنی میں ملازمت کرتی تھیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان میں ٹریفک کا المناک حادثہ ، مسافروں سے بھری گاڑی دریا میں جاگری،9افراد جاں بحق
پولیس کو دی گئی درخواست کے مطابق دونوں لڑکیاں دفتر سے چھٹی کے بعد مری روڈ عبور کر رہی تھیں کہ صدر کی جانب سے آنے والی تیز رفتار کولا کار نے انہیں ٹکر مار دی۔
حادثے کے بعد نامعلوم نمبر کی گاڑی کا ڈرائیور فیض آباد کی جانب فرار ہو گیا۔
اطلاع ملنے پر جاں بحق لڑکیوں کے والدین بھی ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی پہنچے جہاں دونوں دم توڑ چکی تھیں۔
خالد حسین نے تھانہ نیو ٹاؤن میں دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ نامعلوم ڈرائیور نے تیز رفتاری اور غفلت و لاپرواہی سے گاڑی چلا کر ان کی بیٹی اور ہونے والی بہو کی جان لی۔
انہوں نے پولیس سے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی اور اسے گرفتار کرنے کی اپیل کی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:باغ: گاڑی کا المناک حادثہ، ایک شخص جاں بحق، 6 افراد زخمی
جاں بحق لڑکیوں کے جسدِ خاکی ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی سے راولاکوٹ منتقل کردئیے گئے ہیں۔




