آزاد کشمیر کا تعلیمی نظام بدلنے کی تیاری، وزیر تعلیم عمیر نعیم کی زیر صدارت متعدد اہم فیصلے

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزیر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن آزاد کشمیر انجینئرعمیر نعیم ایڈووکیٹ کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا اہم جائزہ و منصوبہ بندی اجلاس منعقد ہوا، جس میں تعلیمی نظام کی بہتری، اساتذہ کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں، سکولوں میں حاضری کے مؤثر نظام، محکمہ تعلیم کی ڈیجیٹائزیشن، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور انتظامی اصلاحات سمیت متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اساتذہ کی کمی دور کرنے کے لیے سینئر جنرل لائن، سینئر سائنس، صدر معلمین، کمپیوٹر انسٹرکٹرز اور ماہر مضامین کی خالی آسامیوں اور متعلقہ کوٹہ کا فوری تعین کرکے پبلک سروس کمیشن کو ریکوزیشن بھجوائی جائے گی۔ اس کے علاوہ محکمانہ کوٹے کے تحت مختلف کیڈرز کے سلیکشن بورڈز کی تیاری اور مستقل و ایڈہاک بھرتیوں کے لیے قواعد و ضوابط کے مطابق فوری اقدامات کیے جائیں گے۔

اجلاس میں سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سہیل اعظم، سپیشل سیکرٹری ثریا خانم، ایڈیشنل سیکرٹری مصباح اعوان، ڈائریکٹر جنرل کریکلم راجہ نصیر احمد، سینئر چیف پلاننگ سیل جاوید منہاس، چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ سید طفیل بخاری، ایم ڈی ٹیچرز فاؤنڈیشن رضوانہ ملک اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ وزیر تعلیم نے نو تعینات سیکرٹری تعلیم سہیل اعظم کو خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے محکمہ تعلیم میں جاری اصلاحاتی عمل کو مزید تقویت ملے گی۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری ثریا خانم نے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

سکولوں میں بائیومیٹرک حاضری اور نئی ایپ کا نفاذ

اساتذہ اور دیگر عملے کی حاضری یقینی بنانے کیلئےای ایم آئی ایس کی تیار کردہ اٹینڈنس ایپ متعارف کرانے اور بائیومیٹرک نظام کو فعال بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ابتدائی مرحلے میں 15 روز کے اندر ہر ضلع کے 50 پرائمری سکولوں میں ایپ انسٹال کی جائے گی جبکہ مارچ 2027 تک ریاست بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں اس نظام کا نفاذ مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ہائی، ہائیر سیکنڈری اور مڈل سکولوں میں نصب 1900 بائیومیٹرک ڈیوائسز میں سے 1700 فعال ڈیوائسز کو آئندہ سات روز میں مکمل طور پر فعال بنایا جائے گا۔ مرمت شدہ ڈیوائسز فوری طور پر متعلقہ اداروں کے سربراہان تک پہنچائی جائیں گی، جبکہ باقی 200 سکولوں میں بھی اٹینڈنس ایپ کی تنصیب کے احکامات جاری کیے گئے۔

محکمہ تعلیم کی ڈیجیٹائزیشن، کوٹلی ماڈل دیگر اضلاع تک پھیلانے کا فیصلہ

محکمہ تعلیم کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے ضلع کوٹلی کے ویب پورٹل منصوبے کو سراہتے ہوئے وزیر تعلیم نے اسے دیگر اضلاع تک وسعت دینے کے لیے جامع ورکنگ پلان تیار کرنے کی ہدایت کی۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ایڈمنسٹریشن کے سید جمشید احمد بخاری اور حمزہ علی سید کی سربراہی میں کمپیوٹر انسٹرکٹرز محسن بشیر، واجد مظفر اور امیر حمزہ پر مشتمل ٹیم نے یہ منصوبہ تیار کیا ہے۔ اس پورٹل کے ذریعے تعلیمی اداروں کی کارکردگی سے متعلق ریئل ٹائم ڈیش بورڈ کی سہولت فراہم ہوگی، جس سے سکولوں کی کارکردگی اور انتظامی معاملات کی نگرانی میں بہتری آئے گی۔

منصوبے کے اگلے مرحلے میں محکمہ تعلیم کو جدید ای فائلنگ نظام پر منتقل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جس کا مقصد دفتری امور کو تیز، شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔

فاؤنڈیشنل لرننگ پالیسی 2026 اور اساتذہ کی تربیت

اجلاس میں وفاقی فاؤنڈیشنل لرننگ پالیسی 2026 کو آزاد کشمیر میں نافذ کرنے کیلئے ورکنگ پیپر تیار کرکے کابینہ سے منظوری حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کیساتھ تمام اضلاع میں اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کے یونٹس فعال بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ تدریسی صلاحیتوں میں بہتری اور جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگی ممکن بنائی جا سکے۔

جماعت نہم کے نتائج پر تشویش، انکوائری کمیٹی کو سفارشات پیش کرنے کی ہدایت

جماعت نہم کے گزشتہ تعلیمی سیشن کے غیر تسلی بخش نتائج پر وزیر تعلیم نے تشویش کا اظہار کیا اور متعلقہ انکوائری کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر اپنی سفارشات پیش کرے تاکہ نتائج میں بہتری کیلئے ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔

دوسری جانب SEPI رینکنگ کی بنیاد پر میٹرک کے امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے نقد انعامات اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے اساتذہ کو اسناد دینے کی منظوری بھی دی گئی۔ اس مقصد کیلئے ضلعی اور ڈویژنل سطح پر تقریبات کے انعقاد کا شیڈول جاری کیا جائے گا۔

سروس رولز اور انتظامی معاملات پر بھی اہم فیصلے

انتظامی اور سروس معاملات کے حوالے سے لیب اسسٹنٹس اور ایلیمنٹری ٹیچرز کے مختلف کیڈرز، جن میں ڈرائنگ، ٹیکنیکل اور ایگرو ٹیک شامل ہیں، کے سروس رولز مرتب کرنے والی کمیٹی کو سات روز کے اندر سفارشات جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں تمام انتظامی افسران کو اپنا تعلیمی اور پیشہ ورانہ ریکارڈ مکمل رکھنے کے ساتھ دفتری اوقات میں روزانہ کی بنیاد پر فائلوں کی بروقت پراسیسنگ یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں، تاکہ محکمانہ امور میں تاخیر کا خاتمہ اور انتظامی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔

تعلیمی اداروں کی بہتری میں تعاون کرنے والوں کی حوصلہ افزائی

سرکاری تعلیمی اداروں کی تعمیر و مرمت، ای سی رومز کے قیام اور تزئین و آرائش میں تعاون کرنے والے مخیر حضرات اور غیر سرکاری تنظیموں کی خدمات کے اعتراف میں ریاستی سطح پر خصوصی تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس سلسلے میں چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ سید طفیل بخاری کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر حمزہ علی سید کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی دیگر اراکین کی مشاورت سے ایک ہفتے کے اندر تقریب کے انعقاد کے حوالے سے ورکنگ پیپر تیار کرے گی۔

اجلاس کے اختتام پر وزیر تعلیم انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر تعلیمی نظام میں شفافیت، میرٹ کی بالادستی، جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور انتظامی اصلاحات کے ذریعے معیارِ تعلیم بلند کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔

سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سہیل اعظم نے بھی تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے متعارف کرائی جانے والی اصلاحات پر مؤثر اور بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔