مظفرآباد،باغ، سکردو(کشمیر ڈیجیٹل)آزادکشمیر سمیت پاکستان کے بالائی علاقوں میں شدید بارش،برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
برفباری اور بارش کے باعث متعدد شاہراہیں متاثر، بابوسر ٹاپ سمیت متعدد مقامات پر سڑکیں بند، کمراٹ میں لینڈ سلائیڈنگ سے ٹریفک معطل ہو گئی۔
انتظامیہ نے سیاحوں اور مسافروں کو بالائی علاقوں کا غیر ضروری سفر سے گریز اور موسمیاتی صورتحال کا جائزہ لے کر گھروں سے باہر نکلنے کی ہدایت کردی۔
وادی نیلم، گلگت بلتستان، چترال اور دیر کے بالائی علاقوں میں بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے نے پہاڑوں کو سفید چادر میں لپیٹ لیا۔
برفباری کے بعد سیاحتی مقامات کے قدرتی حسن میں مزید اضافہ ہوگیا ، خراب موسمی صورتحال کے باعث مقامی آبادی اور سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شدید بارش، برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر مختلف مقامات پر آمدورفت متاثر ہوئی ہے جبکہ انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے شہریوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم : موسم سرما کی پہلی برفباری، پہاڑوں نے سفید چادراوڑھ لی،الرٹ جاری
وادی نیلم میں بارش کا سلسلہ شروع ہونے کے باعث بالائی وادی کی مرکزی شاہراہ پر مختلف مقامات پر پانی جمع ہوگیا، جس سے پیدل چلنا بھی دشوار ہوگیا ہے۔
دوسری جانب کیل اور گریس ویلی کے بالائی علاقوں میں برفباری شروع ہونے سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
پہاڑوں پر برف کی سفید چادر بچھنے سے وادی کے قدرتی مناظر نے دلکش روپ دھار لیا ہے، تاہم مسلسل بارش اور برفباری نے سفر کو خطرناک بنا دیا ہے۔

زیریں وادی نیلم میں بارش اور سرد ہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی محسوس کی جا رہی ہے۔
صبح اور شام کے اوقات میں سردی کی شدت زیادہ ہونے کے باعث شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال بڑھا دیا ہے جبکہ موسم کی اچانک تبدیلی سے معمولات زندگی بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران ندی نالوں، دریائے نیلم اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے والے مقامات سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
بالخصوص بالائی علاقوں کا رخ کرنے والے سیاح پہاڑی راستوں پر پھسلن، کم حدِ نگاہ اور موسم کی غیر یقینی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
ادھر گلگت بلتستان کے مختلف پہاڑی علاقوں میں بھی برفباری ہوئی ہے جبکہ بابوسر ٹاپ سمیت متعدد مقامات پر برفباری اور خراب موسمی حالات کے باعث سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔
اس صورتحال کے باعث مسافروں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے اور بالائی علاقوں میں سفر کرنے والوں کو شدید احتیاط کی ضرورت ہے۔
چترال کے بالائی علاقوں میں بھی 24 گھنٹے تک جاری رہنے والی مسلسل بارش کے بعد پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔
تورکہو، تریچ، بروغل، یارخون، شندور اور مڈک لشٹ سمیت مختلف علاقوں میں برفباری ریکارڈ کی گئی، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
بارش اور برفباری کا سلسلہ تھمنے کے بعد چلنے والی سرد اور تیز ہواؤں نے موسم کو مزید سرد کر دیا ہے۔
دوسری جانب دیر بالا کی خوبصورت وادی کمراٹ میں چیراگلی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑک ٹریفک کے لیے بند ہوگئی، سیاح اور مسافر پھنس گئے۔
سڑک کی بندش اور خراب موسمی حالات نے بالائی علاقوں میں آمدورفت کو متاثر کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آزاد کشمیر سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں مزید بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
جس کے پیش نظر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، سڑکوں پر پھسلن اور ندی نالوں میں طغیانی کے خدشات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
متعلقہ اداروں نے سیاحوں اور مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ وادی نیلم، کمراٹ، چترال اور دیگر بالائی علاقوں کا سفر شروع کرنے سے قبل شاہراہوں کی تازہ صورتحال معلوم کریں۔
موسمی پیشگوئی اور انتظامیہ کی ہدایات کو مدنظر رکھیں اور خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
سیاحوں کو بالخصوص ہدایت کی گئی ہے کہ برفباری کے دوران پہاڑی راستوں پر سفر کرتے ہوئے اضافی احتیاط برتیں۔
دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ امدادی اداروں سے رابطہ کریں۔
شدید بارشوں اور برفباری نے جہاں شمالی علاقہ جات کے قدرتی حسن کو چار چاند لگا دیے ہیں، وہیں خراب موسمی حالات نے سیاحوں اور مقامی آبادی کیلئے احتیاط اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کو ناگزیر بنا دیا ہے۔




