سکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کارروائیاں، 74دہشت گرد ہلاک کر دئیے

راولپنڈی(کشمیر ڈیجیٹل)سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کے دوران 74 دہشت گرد وں کو جہنم واصل کر دیا۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میر علی اور اورکزئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنزکئے، گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران میر علی میں 35  اورکزئی میں 8 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کو بھاری نقصان بھی  پہنچایا گیا، دوران آپریشنز اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور آئی ای ڈیز بھی برآمد کی گئیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فتنہ الخواراج کی طرف سے مساجد کا دہشتگردی کیلئے استعمال، سکیورٹی فورسز نے 2ٹھکانے کلیئر کرا دیئے

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں، وطن عزیز سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن عزمِ استحکام پوری طاقت کے ساتھ جاری رہے گا۔

دوسری طرف بلوچستان کے ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں سکیورٹی فورسز کا  آپریشن جاری ہے، مختلف جھڑپوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 31 دہشت گرد ٹھکانے لگا دئیے گئے ہیں۔

بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز نے متعدد دہشتگرد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد پکڑا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل قلع قمع تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے دہشت گردوں کیخلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی مسلسل کامیابیاں قومی عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کیلئے بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سکیورٹی فورسز پر حملے ریاست پر حملہ ، ایکشن کمیٹی کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، شوکت جاوید میر

وزیرِاعظم شہباز شریف نے بھی آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں تباہ کرنے اور بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کوخوب سراہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوان ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئےدن رات میں مصروفِ عمل ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی۔