سابق وزیرعاصم شریف بٹ کا 22 سالہ باشندہ ریاست سرٹیفکیٹ منسوخ

مظفر آباد (کشمیر ڈیجیٹل ) بورڈ آف ریونیو آزاد کشمیر نے سابق وزیر حکومت و رکن اسمبلی محمد عاصم شریف بٹ کا 9 دسمبر 2004ء کو جاری کردہ باشند ہ ریاست سرٹیفکیٹ ہائی کورٹ کے فیصلے، سپریم کورٹ کی ہدایات، انکوائری رپورٹ اور کابینہ کی منظوری کے بعد تاریخِ اجراء سے منسوخ کر دیا۔ اب سابقہ اسمبلی رکنیت، وزارت، تنخواہوں اور سرکاری مراعات کی قانونی حیثیت کیا ہوگی؟ اور سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کب ہوگی؟ یہ اہم سوالات تاحال جواب طلب ہیں۔

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)  بورڈ آف ریونیو آزاد جموں و کشمیر نے سابق وزیر حکومت اور سابق رکن قانون ساز اسمبلی محمد عاصم شریف بٹ کا باشندہ ریاست سرٹیفکیٹ منسوخ کر دیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ڈگری کے ساتھ ہنر بھی، آزاد کشمیر کے نوجوانوں کیلئے جدید کورسز متعارف کرانے کی تیاری

محمد عاصم شریف بٹ کو یہ سرٹیفکیٹ 9 دسمبر 2004 کو جاری کیا گیا تھا، جسے ہائی کورٹ کے فیصلے، سپریم کورٹ کی ہدایات، انکوائری رپورٹ اور کابینہ کی منظوری کے بعد تاریخِ اجرا سے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

  سرٹیفکیٹ منسوخی کے بعد آزاد کشمیر کے سیاسی، قانونی اور انتظامی حلقوں میں اہم سوالات نے جنم لے لیا ہے، خصوصاً یہ کہ اگر کسی سابق رکن اسمبلی کا باشندہ ریاست سرٹیفکیٹ اپنی تاریخِ اجرا سے ہی منسوخ کر دیا جائے تو اس بنیاد پر حاصل کیے گئے آئینی، قانونی اور سرکاری عہدوں کی حیثیت کیا ہوگی؟

اہم سوال یہ ہے کہ محمد عاصم شریف بٹ کی سابقہ اسمبلی رکنیت اور وزارت کے حوالے سے قانونی صورت حال کیا ہوگی؟ کیا سرٹیفکیٹ کی منسوخی کے فیصلے کے بعد ان کی سابقہ رکنیتِ اسمبلی اور وزارت کے قانونی اثرات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا یا اس حوالے سے کوئی الگ قانونی کارروائی درکار ہوگی؟

اسی طرح بطور رکن اسمبلی اور وزیر حاصل کی جانے والی تنخواہوں، الاؤنسز، سرکاری مراعات اور دیگر مالی فوائد کی قانونی حیثیت بھی توجہ طلب معاملہ بن گئی ہے۔

اب یہ سوال بھی اہمیت اختیار کر گیا ہے کہ اگر متعلقہ سرٹیفکیٹ بنیادی طور پر غیر مؤثر قرار پاتا ہے تو اس کے نتیجے میں ماضی میں حاصل کئے گئے سرکاری فوائد کے بارے میں قانون کیا تقاضا کرتا ہے۔

دوسری جانب سرٹیفکیٹ کے اجرا کے وقت متعلقہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے ذمہ دار افسران کے کردار پر بھی سوالات اُٹھ رہے ہیں۔

 مزید یہ بھی پڑھیں:محکمہ ان لینڈ ریونیو کی کوٹلی میں بڑی کارروائی،متعدد اکاونٹس منجمد

عوامی و قانونی حلقوں میں یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اس معاملے کی مکمل چھان بین کی جائے اور اگر کسی افسر کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال، غفلت یا قواعد کی خلاف ورزی ثابت ہوتی ہے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔